دیپا داس منشی نے پارٹی میں استقبال کیا
حیدرآباد ۔ 8 ۔ فروری(سیاست نیوز) سینئر بی آر ایس لیڈر اور بورہ بنڈہ کارپوریٹر محمد بابا فصیح الدین نے بی آر ایس سے استعفیٰ دے کر آج کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ جی ایچ ایم سی کے سابق ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین نے صدر خیریت آباد ضلع کانگریس روہن ریڈی کے ہمراہ اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی سے ملاقات کی اور کانگریس میں شمولیت کے فیصلہ سے واقف کرایا ۔ دیپا داس منشی نے کانگریس کا کھنڈوا پہناکر استقبال کیا۔ بابا فصیح الدین نے بی آر ایس سربراہ چندر شیکھر راؤ کو استعفیٰ کا مکتوب روانہ کیا جس میں انہوں نے کہا کہ پارٹی کی حالیہ پالیسیوں اور فیصلوں سے انہیں اختلاف ہے۔ پارٹی کے قیام سے آج تک انہوں نے جدوجہد کی اور علحدہ تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کیا۔ پارٹی میں بعض عناصر ان کے سیاسی مستقبل کو نقصان پہنچانے کی سازش کر رہے ہیں اور قیادت خاموش ہے جس کے نتیجہ میں دلبرداشتہ ہیں۔ سیاسی طور پر نقصان پہنچانے کی کوششوں پر پارٹی قیادت کی خاموشی کے نتیجہ میں وہ اپنی 22 سالہ وابستگی کو ختم کرتے ہوئے مستعفی ہورہے ہیں۔ پارٹی کی ابتدائی رکنیت اور پارٹی ترجمان کے عہدوں سے بابا فصیح الدین نے استعفیٰ دے دیا۔ 1