ترقی پسند اتحاد ( یوپی اے ) کی صدر سونیا گاندھی نے لوک سبھا میں رائے بریلی کی ریل کوچ فیکٹری کی کمپنی کاری کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے حکومت پر مخصوص سرمایہ کاروں کو فائدہ پہنچانے کے لئے پپلک کمپنیوں کو بحران میں ڈالنے کا الزام عائد کیا ۔ وقفہ صفر میں یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ حکومت نے ریلوے کی چھ پیداواری یونٹس کی کمپنی کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس میں رائے بریلی کی ماڈرن ریل کوچ فیکٹری بھی شامل ہے ۔ انہوں نے کہا’’ کمپنی کاری نجکاری کا آغاز ہوتا ہے ۔ یہ ملک کی اہم املاک کوڑیوں کے بھاو پرائیوٹ کمپنیوں کو فروخت کرنے کا آغاز ہے ۔ ہزاروں لوگ بے روزگار ہو جاتے ہیں‘‘ ْ ۔
یو پی اے سربراہ نے کہا کہ رائے بریلی کی ریل کوچ فیکٹری ہندوستانی ریل کا سب سے زیادہ ماڈرن کارخا نہ ہے جہاں سب سے سستے اور اچھے کوچ بنتے ہیں ۔ وہاں گنجائش سے زیادہ پیداوار ہو رہی ہے ۔ كمپنی کاری سے دو ہزار سے زیادہ مزدوروں، ملازمین اور ان کے کنبوں کا مستقبل بحران میں ہے۔ گاندھی نے کہا کہ یہ سمجھنا مشکل ہے کہ حکومت کیوں نجکاری کرنا چاہتی ہے ۔