سروے میں حصہ نہ لینے والے بی آر ایس قائدین مخالف بی سی

   

آئندہ انتخابات میں شکست کو یقینی بنانے پر زور ، چیف منسٹر ریونت ریڈی
حیدرآباد ۔4۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) ریاست میں جاری بی سی سروے میں حصہ نہ لینے والے بی آر ایس قائدین دراصل مخالف بی سی ہیں اسی لئے وہ اس سروے میں حصہ لینے سے گریز کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج ریاست کے تمام پسماندہ طبقات کو مشورہ دیا کہ وہ بی سی سروے میں حصہ نہ لینے والوں کی نشاندہی کریں اور آئندہ انتخابات میں ان کی شکست کو یقینی بنانے کے لئے تیار رہیں۔مسٹر اے ریونت ریڈی نے سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ‘ مسٹر کے ٹی راما راؤ‘ مسٹر ٹی ہریش راؤ اور مسٹر سنتوش کے بی سی سروے میں حصہ نہ لینے کے مسئلہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ذات پات کے سروے کے ذریعہ حقیقی تعداد کی نشاندہی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن بی آر ایس قائدین اس سروے میں حصہ نہ لیتے ہوئے بی سی طبقہ سے اپنی دشمنی کا اظہار کر رہے ہیں۔چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت جس کی جتنی آبادی اس کی اتنی حصہ داری کے نظریہ کے ساتھ اس سروے کو کروا رہی ہے لیکن اس سروے میں اپوزیشن قائدین نے حصہ نہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے پسماندہ طبقات کے متعلق اپنے نظریہ کو واضح کردیا ہے۔ریونت ریڈی نے بی سی طبقات سے تعلق رکھنے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ اس بات کو یاد رکھیں کہ ان کے مفادات کے تحفظ کیلئے کروائے جانے والے سروے میں بی آر ایس قائدین شرکت سے گریز کر رہے ہیں۔3