سرکاری اردو میڈیم اسکولس ماہ رمضان میں ہاف ڈے کام کرینگے

   

جناب عامر علی خان ایم ایل سی کی نمائندگی پر حکومت کا مثبت ردعمل ، احکامات جاری
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں کی نمائندگی پر حکومت نے مثبت ردعمل کا اظہار کرکے ماہ رمضان المبارک کے آغاز کے موقع پر سرکاری اردو میڈیم اسکولس کے لیے ہاف ڈے اسکولس چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں احکام بھی جاری کردئیے ۔ پیر سے اردو میڈیم کے سرکاری اسکولس صبح 8 بجے سے دوپہر 1-30 بجے تک اوقات کار میں آئندہ ماہ یکم اپریل تک خدمات انجام دیں گے ۔ اردو ٹیچرس کی مختلف تنظیموں اور سرکاری اردو میڈیم اسکولس میں برسرکار اساتذہ کی نمائندگیاں وصول ہونے کے بعد جناب عامر علی خاں نے اس سلسلے میں کمشنر و ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سرکاری اسکولس کے اسٹاف کو رمضان المبارک کے دوران ہاف ڈے سے گھر جانے کی اجازت دینے کی خواہش کی تھی جس پر حکومت نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری اردو میڈیم اسکولس کے اسٹاف کو سابق کی طرح آدھے دن سے گھر جانے کی اجازت دے دی ہے تاکہ وہ عبادات بہتر طور پر انجام دے سکیں ۔ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران سرکاری ملازمین کو ایک گھنٹہ قبل گھر جانے کی اجازت دی تھی جب کہ سرکاری اردو میڈیم اسکولس اسٹاف کیلئے ہاف ڈے تعطیل کے احکامات جاری نہیں کئے تھے جس پر جناب عامر علی خاں نے مکتوب روانہ کیا تھا ۔۔ 2