سرکاری اور خانگی دواخانوں میں ڈیلیوری کیلئے آپریشن کی حوصلہ شکنی

   

نارمل ڈیلیوری پر اسٹاف کو مراعات، پیٹلہ برج گورنمنٹ میٹرنٹی ہاسپٹل کا وزیر صحت ہریش راؤ نے دورہ کیا
حیدرآباد ۔5 ۔اگست (سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے سرکاری اور خانگی دواخانوں میں غیر ضروری آپریشن روکنے اور نارمل ڈیلیوری کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی مہم شروع کی ہے ۔ وزیر صحت ہریش راؤ نے پیٹلہ برج حیدرآباد کے گورنمنٹ میٹرنٹی ہاسپٹل میں ماں کے دودھ کی اہمیت سے متعلق بین الاقوامی ہفتہ تقاریب کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت دواخانوں میں آپریشن کے شعبہ جات کو کسی بھی صورت میں کم کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور خانگی دواخانوں میں خواتین کی نارمل ڈیلیوری کو فروغ دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اکثر مقامات پر غیر ضروری آپریشن کے معاملات منظر عام پر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں نارمل ڈیلیوری کرنے والے اسٹاف کیلئے معاشی رعایتوں اور مراعات دی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ آروگیہ شری ہیلت انشورنس کے تحت آپریشن کے لئے 11000 روپئے کی فراہمی کی اسکیم کو ختم کرنے پر غور کیا جارہا ہے تاکہ نارمل ڈیلیوری کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ حاملہ خواتین ، شوہر اور سسرال والوں میں شعور بیداری مہم کی تجویز ہے۔ مذہبی اسکالرس کو بھی نارمل ڈیلیوری کے حق میں عوام کو ترغیب دینے کی خواہش کی جائے گی۔ ہریش راؤ کے مطابق سرکاری دواخانوں میں 45 فیصد جبکہ خانگی دواخانوں میں 80 فیصد ڈیلیوری آپریشن کے ذریعہ ہورہی ہیں۔ سابق میں خانگی ہاسپٹلس میں 90 فیصد ڈیلیوری آپریشن کے ذریعہ ہوا کرتی تھی ۔ گزشتہ 6 ماہ میں 10 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں کے اسٹاف کو غیر ضروری آپریشن سے گریز کرنا چاہئے ۔ گاندھی ہاسپٹل میں سی سیکشن کو صرف 22 فیصد تک گھٹانے میں مدد ملی ہے۔ وزیر صحت نے پیٹلہ برج میٹرنٹی ہاسپٹل کے ہیلت کیر اسٹاف سے بات چیت کی اور انہیں مشورہ دیا کہ خواتین کو آپریشن کے بجائے نارمل ڈیلیوری کی ترغیب دیں۔ انہوں نے ہاسپٹل کیلئے اضافی فنڈس الاٹ کرنے کا تیقن دیا۔ر