حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : محکمہ صحت تلنگانہ کی جانب سے ریاست گیر سطح پر واقع سرکاری و خانگی ہیلت کیر اداروں کے بشمول ڈائیگناسٹک لیبارٹیز کی کارکردگی کی جانچ اور انہیں بہتر بنانے کے لیے معائنہ کیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے بتایا کہ نگہداشت صحت کے سلسلہ میں عوام کو پہونچنے والی خدمات کی جانچ کے لیے کلینکل اسٹابلیشمنٹ ایکٹ کے تحت آنے والے قواعد کے مطابق خصوصی مہم چلائی گئی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دوران چیکنگ چند بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ جس کے بعد انسپکشن ٹیمیوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقررہ وقت میں دینے کی خواہش کی گئی ہے ۔ ڈائرکٹر محکمہ صحت ریاست کے عہدیداروں نے مختلف اضلاع اور دیگر مقامات میں واقع سرکاری دواخانوں اور ڈائیگناسٹکس کا معائنہ کیا گیا ۔ دوران چیکنگ مریضوں کے ریکارڈ کا بھی مشاہدہ کیا گیا ۔ ڈاکٹر سرینواس راؤ نے بتایا کہ گورنمنٹ اور خانگی دواخانوں میں طبی خدمات اور مریضوں کے ریکارڈس کی جانچ کی گئی ۔ جہاں کہیں بھی نقص یا پھر پہلوتہی کی نشاندہی کی جائے گی ان کے خلاف کلینکل اسٹابلیشمنٹ ( رجسٹریشن اینڈ ریگولیشن ) رولس 2011 کے مطابق قانونی کارروائی کی جائے گی ۔۔