سری نگر حج ہائوس سے عازمین حج کا دوسرا قافلہ روانہ

   

سری نگر، 14 مئی (یو این آئی) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر اتفاق کے بعد عازمین حج کا مکہ معظمہ کی طرف رخ کرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا۔سری نگر میں واقع حج ہائوس سے چہارشنبہ کی صبح 151 عازمین حج پر مشتمل دوسرا قافلہ روانہ ہوا۔جموں وکشمیر حج کمیٹی کے مطابق چہارشنبہ کے روز دو پروازوں میں عازمین حج سفر محمود پر روانہ ہوں گے ۔سری نگر سے عازمین کا پہلا قافلہ 4 مئی کو روانہ ہوا تھا۔واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے ہفتہ کو لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر جنگ بندی پر اتفاق کیا۔دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب ہندوستانی مسلح افواج نے گزشتہ ہفتے پہلگام حملے کے جواب میں پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر (پی او جے کے ) میں دہشت گردوں کے لانچ پیڈ کو نشانہ بنایا۔اس کے بعد پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر سری نگر ہوائی اڈے کو احتیاطی طور پر بند کر دیا گیا تھا اور جموں وکشمیر حج کمیٹی نے بھی حج پروازوں کو ملتوی کر دیا تھا۔متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ 14 اور 15 مئی کی حج پروازیں پہلے شیڈول کے مطابق ہی ہوں گی۔