سعودی ’آرامکو‘ تیل تنصیبات پر بیلسٹک میزائل حملہ ناکام

   


صنعاء : یمن میں سرگرم ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے گذشتہ روز مشرقی سعودی عرب کے علاقے الظہران میں راس تنورہ اور ایک گنجان آباد کالونی میں قائم تیل کی تنصیبات پر میزائل حملہ کیا جسے ناکام بنا دیا گیا۔سعودی وزارت دفاع کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی دہشت گردوں نے اتوار کے روز راس تنورہ بندرگاہ پر پٹرولیم کمپنی ’آرامکو‘ کے ایک پٹرول اسٹیشن پر بیلسٹک میزائل حملے کی کوشش کی مگر سعودی عرب کی فضائی دفاعی فورسز اور عرب اتحادی فوج نے حوثیوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔وزارت دفاع نے حوثیوں کے حملے کو بزدلانہ کارروائی اور توانائی کی سپلائی کے عالمی مراکز کو دانستہ طورپر نشانہ بنانے کی مجرمانہ کوشش قرار دیا۔سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ‘ایس پی اے’کے مطابق اتحادی فوج کے ترجمان ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثیوں نے سمندر کے کنارے پر واقع تیل کی تنصیبات پر ڈرون طیاروں سے بھی حملے کی کوشش کی تاہم ڈرون طیارے کو ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی مار گرایا گیا۔