سعودی سفیر سعود الساطی کا استقبال ، سابق ہوم سکریٹری پدمنا بھیا اور قمرالدین کا خطاب
حیدرآباد ۔10۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے مری چنا ریڈی ہیومن ریسرچ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں ہند۔سعودی باہمی تعلقات پر پروگرام منعقد کیا۔ ہندوستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر سعود بن محمد الساطی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان سے بہتر تعلقات کو سعودی عرب نے ہمیشہ ترجیح دی ہے۔ مختلف شعبوں میں بہتر تعلقات سعودی عرب کے لئے اہمیت رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر سعود الساطی نے کہا کہ ہندوستان اور سعودی عرب کے تعلقات تجارتی اور معاشی شعبہ جات کے علاوہ سماجی اور تہذیبی سفیر پر مستحکم ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ ہندوستان سے تعلقات میں مزید استحکام حاصل ہو۔ صدرنشین اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین ، ڈائرکٹر انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر نبی ، سابق آئی پی ایس عہدیدار ایس اے ہدیٰ ، پروفیسر عامر اللہ خاں ، ڈاکٹر رمیش کنی گنٹی ، سابق ہوم سکریٹری ڈاکٹر پدمنا بھیا جو ایڈمنسٹریٹیو اسٹاف کالج آف انڈیا کے صدرنشین ہیں، اجلاس میں شرکت کی۔ ڈاکٹر پدمنا بھیا نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں کہا کہ ہندوستان اور سعودی عرب کے تعلقات انتہائی قدیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں 50 فیصد آبادی 25 سال سے کم عمر کے باشندوں پر مشتمل ہے۔ 30 فیصد بیرونی شہریوں کی آبادی ہے جن کی اکثریت ہندوستانیوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب جی۔20 کا واحد خلیجی ملک ہے۔ ڈاکٹر سعود الساطی نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ انہوں نے دفاع ، سرمایہ کاری ، تجارت اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں ہندوستان سے تعلقات میں مزید استحکام میں دلچسپی ظاہر کی۔ صدرنشین اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین نے سعودی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں حالیہ برسوں میں جو نئی جہت ملی ہے، اس کیلئے ڈاکٹر سعود الساطی کی مساعی کا اہم رول ہے۔ سعودی سربراہان مملکت نے حالیہ عرصہ میں دو مرتبہ ہندوستان کا دورہ کیا اور ہندوستانی وزیراعظم بھی دو مرتبہ سعودی عرب کا دورہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے عازمین حج و عمرہ کیلئے حکومت سعودی عرب کی خدمات کو سراہا۔