سعودی قیادت کی آذربائیجان کے صدر سے تعزیت

   

ریاض : سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے طیارے کے حادثہ پر آذربائیجان کے صدر الہام حیدرعلیوف سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ایس پی اے کے مطابق سعودی قیادت نے آذربائیجان کے صدر کو الگ الگ تعزیتی پیغامات بھیجے ہیں۔ سعودی وزارت خارجہ نے چہارشنبہ کو قازقستان کے شہر اکتاؤ کے قریب طیارے کے حادثے میں اموات پر تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں آذربائیجان کی حکومت اور عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش ظاہر کی۔یاد رہے کہ آذربائیجان سے روس جانے والا مسافر طیارہ قازقستان کے شہر اکتاؤ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا جس میں 67 مسافر اور عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔ حادثے کی غیرتصدیق شدہ ویڈیو میں دکھایا گیاکہ آذربائیجان ایئرلائنز کا طیارہ زمین سے ٹکراتے ہی شعلوں کی لپیٹ میں آ گیا اور اس کے بعد وہاں سے سیاہ دھواں اٹھ رہا تھا۔