واشنگٹن ؍ ریاض ۔ 18 نومبر (ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک کو آج (منگل کی شام) وائٹ ہاؤس میں سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعزاز میں سرکاری عشائیے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ اس دعوت کو حیران کن اقدام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کیونکہ ٹرمپ اور مسک کے درمیان گزشتہ چند ماہ میں شدید علانیہ اختلافات سامنے آئے ہیں۔مسک اور ٹرمپ نے جون 2025 میں سوشل میڈیا پر ایک دوسرے پر الزامات عائد کیے تھے، جب مسک نے “ایڈمنسٹریشن آف گورنمنٹ ایفیشینسی” (Doge) کی سربراہی چھوڑ دی تھی۔ اختلافات اس وقت عروج پر پہنچے جب ٹرمپ نے مسک کی کمپنیوں کے ساتھ حکومت کے تمام ممکنہ معاہدے روکنے کی دھمکی دی، جبکہ مسک نے ٹرمپ کو جیفری ایپسٹائن کے بند معاملات میں ملوث ہونے کی طرف اشارہ کیا تھا۔مئی 2025 میں ایلون مسک نے صدر ٹرمپ کے ساتھ ریاض کا پہلا سرکاری دورہ کیا، جو ٹرمپ کی دوسری مدت صدارت کے بعد ہوا اور اسے “تاریخی” قرار دیا گیا تھا۔ اس لیے کہ یہ واشنگٹن اور ریاض کے درمیان تزویراتی شراکت کو مزید مستحکم کرنے والا سفر تھا۔اس دورے کے دوران مسک بھی، جو اْس وقت ایڈمنسٹریشن آف گورنمنٹ ایفیشینسی کے سربراہ تھے، صدر ٹرمپ کے ساتھ شاہی محل میں موجود تھے۔ انہوں نے ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ذاتی ملاقات کی۔