خواتین کی بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں شکایت ، کراٹے کلیانی کے خلاف مقدمہ درج
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : سلف ہیلپ گروپ خواتین کے خلاف اہانت آمیز ریمارکس پر پولیس نے کراٹے کلیانی کے خلاف شکایت درج کرلی گئی ہے ۔ بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں چند خواتین نے کراٹے کلیانی کے خلاف شکایت درج کروائی اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ بنجارہ ہلز کے این بی ٹی نگر مارکٹ میں گروپ خواتین کی جانب سے جبراً وصولی کا کراٹے کلیانی نے الزام لگایا اور خواتین کے خلاف ویڈیو تیار کرتے ہوئے سوشیل میڈیا پر اس کی تشہیر کی گئی ۔ شکایت کرنے والی خواتین نے کراٹے کلیانی پر بے بنیاد اطلاعات کو پھیلانے کا الزام لگایا اور کہا کہ کراٹے کلیانی سلف ہیپ گروپ خواتین کی دل آزاری کررہی ہیں انہیں مقام اور مقامی مسائل اور حالات سے کوئی واقفیت نہیں اور نہ ہی وہ مسائل کو جانتی ہیں بلکہ بے بنیاد الزامات اور اطلاعات سے گروپ خواتین کو بدنام کررہی ہیں ۔ خواتین نے پولیس سے درخواست کی کہ وہ فوری سخت کارروائی کرے ۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتہ لنگر حوض حدود میں پاکستانی باشندے کے خلاف شکایت کرنے والی اس کی بیوی کیرتی عرف دوحہ فاطمہ کو مدد کے لیے پہونچنے والوں میں کراٹے کلیانی شامل تھیں اور کیرتی معاملہ کو مذہبی رنگ دیتے ہوئے ہندو لڑکیوں سے کہا تھا کہ وہ مسلم نوجوانوں پر بھروسہ نہ کریں اور مبینہ طور پر جذبات کو مجروح کرنے کی کوشش کی تھی ۔ اس کراٹے کلیانی کے خلاف شکایت کرتے ہوئے سلف ہیپ گروپ خواتین نے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔۔ ع