سلمان خان کی 180 کروڑ بجٹ کی ’’بھارت‘‘ 5 جون کو ریلیز ہوگی

   

عید کے موقع پر اپنی فلموں کو ریلیز کرنے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے بالی ووڈ سوپر اسٹار سلمان خان نے اپنی زیر تکمیل فلم ’’بھارت‘‘ کو 2019 عید کے موقع پر ریلیز کرنے کی پوری پوری تیاری کرلی ہے۔ یہ فلم 2014 میں ریلیز ہوئی کورین فلم ’’اوڈے ٹومائی فادر‘‘ کا ہندی ری میک ہے سلمان خان کے بہنوئی پر وڈیوسر اتل اگنی ہوتری نے اس فلم کو برلن فلم فیسٹیول میں دیکھنے کے بعد اسے ہندی میں بنانے کا ارادہ کیا اور اس کے ہندی ری میک حقوق خریدلئے فلم کی کہانی کے مطابق یہ اس شخص کا سفر ہے جو 1947 میں شروع ہوکر 2002 میں ختم ہوتا ہے۔ اس طرح یہ ایک ملک اور شخص کا سفر ہوگا جسے دونوں کو ہی بھارت کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس فلم کو علی عباس ظفر ڈائرکٹ کررہے ہیں جنہوں نے اس سے قبل سلمان کے ساتھ ٹائیگر زندہ ہے اور سلطان جیسی ہٹ فلمیں بنائی ہیں۔ فلم میں سلمان کے مقابل ابتداء میں پرینکا چوپڑہ کو کاسٹ کیا گیا تھا لیکن فلم کی شروعات سے عین قبل پرینکا نے یہ فلم چھوڑ دی۔ اب فلم کا یہ لیڈ کردار کیٹرینہ کیف کررہی ہیں جبکہ تبو، سنیل گروور، دشاپٹانی بھی اس کے اہم کرداروں میں شامل ہے۔ بھارت کو الویرا خان اگنی ہوتری اور بھوشن کمار ٹی سیریز کے بینر پر پروڈیوس کررہے ہیں۔ 180 کروڑ کے بجٹ سے بنائی جارہی اس فلم کی تاریخ 5 جون 2019 طے کی گئی ہے۔ فلم کی شوٹنگ پنجاب، دلی کے علاوہ ابوظہبی کے خوبصورت لوکیشن پر کی گئی ہے۔ بتاتے چلیں کہ اتل اگنی ہوتری نے اس سے قبل 2011 میں سلمان کے ساتھ باڈی گارڈ جیسی بلاک بسٹر فلم شائقین کو دی تھی۔ فلم کی شوٹنگ کا اپریل 2018 میں آغاز ہوا اور اب یہ تکمیل کے مراحل میں ہے۔ فلم کے ڈائرکٹر علی عباس ظفر نے بتایا کہ سلمان خان کے ساتھ فلم بنانا ایک بڑی ذمہ داری ہوتی ہے کیونکہ ان کی فلموں کے ساتھ عوام کو بڑی امیدیں ہوتی ہیں۔