نئی دہلی۔ 2 ڈسمبر (یو این آئی) ٹیلی کام وزیر جیوترادتیہ سندیہ نے واضح کیا کہ سنجار ساتھی ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرنا لازمی نہیں ہے۔ وزیر نے کہا کہ اس ایپ سے کسی کی جاسوسی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم صارفین کی مدد کریں۔ سنجار ساتھی ایک ایپ-پورٹل ہے، جس کے ذریعے ہر صارف اپنی حفاظت خود کرسکتا ہے۔ یہ عوامی شمولیت کا ایک قدم ہے۔ لوگوں کو اس پر اعتراض نہیں بلکہ خوش آمدید کہنا چاہیے۔ اس کے ذریعے جب آپ موبائل فون خریدتے ہیں تو آپ یہ جان سکتے ہیں کہ آئی ایم ای آئی نمبر اصلی ہے یا جعلی۔
سنچار ساتھی حکومت کا جاسوسی ایپ ہے : پرینکا گاندھی
نئی دہلی، 2دسمبر (یو این آئی) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے سَنچار ساتھی ایپ کو موبائل پر ڈاؤن لوڈ کرنے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ ایک جاسوسی ایپ ہے جس کے ذریعے حکومت ہر موبائل پر نظر رکھنا چاہتی ہے ۔پرینکا نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں صحافیوں کے موبائل ہینڈ سیٹ پر سَنچار ساتھی ایپ پہلے سے انسٹال کرنے سے متعلق سوال پر کہا کہ سَنچار ساتھی ایک جاسوسی ایپ ہے اور یہ مضحکہ خیز ہے ۔ شہریوں کو رازداری کا حق ہے اور سب کو رازداری کا حق ہونا چاہیے تاکہ وہ اپنے کنبے اور دوستوں کو نجی پیغامات بھیج سکیں لیکن حکومت اس رازداری کو چھیننے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ٹیلی فون پر جاسوسی نہیں ہے ۔ وہ اس ملک کو ہر طرح سے آمرانہ نظام میں بدل رہے ہیں اور پارلیمنٹ اسی وجہ سے نہیں چل رہی ہے ۔ حکومت کسی بھی موضوع پر بحث کرنے سے انکار کر رہی ہے اور کسی بھی موضوع پر بحث نہیں ہونے دے رہی ہے ۔ یہ جمہوریت کی روایت نہیں ہے ۔ ایک صحت مند جمہوریت میں بحث ہوتی ہے اور ہر کسی کے الگ الگ خیالات ہوتے ہیں اور آپ ان کی بات سنتے ہیں۔ کانگریس رہنما نے کہا، ”موبائل پر طرح طرح کی دھوکہ دہی ہو رہی ہے اور اس دھوکہ دہی کی اطلاع دینے کیلئے ایک مؤثر نظام ہونا چاہیے ۔