مائننگ لیز کی اجرائی میں تاخیر، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔8 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت سنگارینی کالریز کمپنی کو تاڈی چرلا 2 کول بلاک کے الاٹمنٹ کے سلسلہ میں گمراہ کن معلومات کو عام کر رہی ہے۔ انہوں نے مرکزی وزیر کوئلہ کشن ریڈی کے اس بیان پر اعتراض جتایا کہ مرکزی حکومت نے سنگارینی کو تاڈی چرلا بلاک الاٹ کیا ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے وضاحت کی کہ تاڈی چرلا کول بلاک 2013 میں سنگارینی کو الاٹ کیا گیا اور مرکزی حکومت نے صرف مائیننگ لیز کی منظوری دی ہے، اسے فریش الاٹمنٹ نہیں کہا جاسکتا۔ مرکزی حکومت نے 2013 میں الاٹمنٹ کے بعد آج تک لیز جاری نہیں کی تھی۔ کانگریس حکومت کی جانب سے بارہا نمائندگی کے بعد مائننگ لیز منظور کی گئی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے تاڈی چرلا کول بلاک کے دستاویزات میڈیا کے روبرو پیش کرتے ہوئے مرکز کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ مرکزی حکومت کو تلنگانہ کی جانب سے روانہ کردہ مکتوب کی نقل میڈیا کیلئے جاری کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد وزیراعظم اور مرکزی وزراء سے بارہا نمائندگی کی گئی۔ مارچ 2024 میں انہوں نے شخصی طور پر مرکزی وزیر کوئلہ سے نمائندگی کی تھی جبکہ مئی 2026 میں دوبارہ شخصی نمائندگی کی گئی ۔ باوجود اس کے مرکز نے تاخیر کا رویہ اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر سنگارینی کالریز کی ترقی میں کشن ریڈی کو دلچسپی ہو تو وہ گوداوری وادی کے کول بلاکس کو سنگارینی کے حوالے کریں۔ پریس کانفرنس میں سنگارینی کالریز کے صدرنشین ڈاکٹر بدھا پرکاش جیوتی اور ڈائرکٹرس وینکٹیشورلو ، پی گوتم اور دوسرے موجود تھے۔1/k/a/b