امریکی قونصل خانہ کے وفد کی سنگارینی سی ایم ڈی ڈاکٹر بدھ پرکاش جیوتی سے ملاقات۔ مختلف توسیعی منصوبوں سے آگاہی
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) حیدرآباد میں امریکی قونصلیٹ جنرل کی پولیٹیکل اینڈ اکنامک چیف محترمہ میریڈتھ میٹزلر کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے آج سنگارینی بھون، حیدرآباد میں سنگارینی کمپنی کالریز لمیٹیڈ کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر بدھ پرکاش جیوتی سے بات چیت کی، جس میں کریٹیکل منرلز کے شعبے میں مشترکہ شراکت داری اور تعاون کے دیگر ممکنہ شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے ایس سی سی ایل کے ساتھ کاروباری تعاون اور اشتراک کے ممکنہ شعبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا ۔ سی ایم ڈی نے وضاحت کی کہ ایس سی سی ایل، کان کنی کے شعبے میں وسیع تجربے کے ساتھ، کریٹیکل منرلز کے شعبے میں قدم رکھ چکی ہے اور متعدد ممالک کے ساتھ مشترکہ منصوبوں اور تکنیکی اشتراک کے امکانات کا پہلے ہی جائزہ لے رہی ہے۔ اس کا مثبت جواب دیتے ہوئے امریکی وفد نے کریٹیکل منرلز کے شعبے میں کام کرنے والی متعدد امریکی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کے مواقع کو اجاگر کیا۔ وفد نے کتہ گوڑم میں ایس سی سی ایل کی حال میں قائم جیو سائنس لیبارٹری میں دستیاب سہولیات اور اوپن کاسٹ کانوں کے اوور برڈن سے نایاب زمینی عناصر نکالنے کے امکانات میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔ریاستی اور مرکزی حکومتوں کی حوصلہ افزائی و تعاون سے سنگارینی کریٹیکل منرلز کے شعبے میں نمایاں پیش رفت کر رہی ہے۔ سی ایم ڈی نے وضاحت کی کہ کمپنی اس شعبے میں اپنی موجودگی کو مستحکم کرنے غیر ملکی سرمایہ کاری و ٹکنالوجی و تحقیقی اداروں کے ساتھ شراکت داری کی خواہاں ہے۔ امریکی قونصل خانیہ کے ارکان نے بتایا کہ متعدد امریکی کمپنیاں بھی اسی طرح کی دلچسپی رکھتی ہیں اور انہوں نے ممکنہ تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ انہوں نے سنگارینی حکام کو اپریل میں امریکہ میں کریٹیکل منرلز کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔جدید دور میں مصنوعی ذہانت کے استعمال میں تیزی سے اضافہ کے پیش نظر امریکی نمائندوں نے بتایا کہ وہ ڈیٹا سینٹرز کے قیام کیلئے موزوں مقامات کی تلاش میں ہیں اور انہوں نے تلنگانہ میں ایسی سہولیات قائم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ڈیٹا سینٹرز کے قیام کیلئے پانی کی وافر دسربراہی پر زور دیا ۔ 1