وشاکھاپٹنم کی این آئی اے عدالت میں ضمانت منظور
حیدرآباد ۔ 4 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) وشاکھاپٹنم کی این آئی اے عدالت نے دہشت گردی کے الزامات کا سامنا کرنے والی دو لڑکیوں، شادمہ دلکش اور سیدہ بیگم کو ضمانت منظور کر دی ہے۔ شادمہ دلکش کا تعلق بہار کے پٹنہ سے ہے اور وہ میڈیکل نشست کے حصول کے لیے نیٹ امتحانات کی تیاری کر رہی تھیں، جبکہ سیدہ بیگم ایک گھریلو ملازمہ بتائی جاتی ہیں۔ دہشت گرد تنظیموں سے مبینہ طور پر روابط کے الزامات کے تحت جو مقدمہ درج کیا گیا، اس میں این آئی اے نے ان دونوں کو A4 اور A5 ملزم بنایا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ این آئی اے عدالت نے کہا کہ چارج شیٹ میں ان دونوں کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں ہے ، لہٰذا عدالت نے دونوں کو ضمانت منظور کر دی۔ وشاکھاپٹنم سے تعلق رکھنے والے ایڈووکیٹ سلیم نے ان دونوں کی پیروی کی تھی۔واضح رہے کہ اس مقدمے میں اب تک مجموعی طور پر 6 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔این آئی اے کی عدالت نے 50 ہزار روپے کی دو ضمانتوں پر دونوں کی رہائی کی ہدایت دی۔ سیدہ بیگم کو ہر ماہ حیدرآباد میں این آئی اے آفس سے رجوع کرنا پڑے گا، جبکہ شادمہ دلکش کو پٹنہ، بہار میں واقع این آئی اے آفس میں ہفتے میں ایک بار حاضری کی شرط رکھی گئی ہے۔1