سنگاریڈی میں ایک کروڑ 13 لاکھ مالیتی کاپر میٹریئل کے سرقہ کا معمہ حل ایک ملزم گرفتار، 10 تا 11 افراد کے ملوث ہونے کا انکشاف

   

سنگاریڈی۔ 28 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگاریڈی ضلع پولیس نے کاپر میٹریل کی بڑی چوری کے معاملہ کو کامیابی سے حل کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے مسروقہ 123 پلاسٹک بیگس میں موجود کاپر کے خام مال، جس کی مالیت تقریباً 1.13 کروڑ روپے ہے، برآمد کرلیا۔ اس کے علاوہ جرم میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو بھی ضبط کیا گیا ہے۔ ضلع ایس پی پری توش پنکج، آئی پی ایس نے کیس کی تفتیش میں اہم کردار ادا کرنے والی سی سی ایس سنگاریڈی، منی پلی اور سداشیوپیٹ پولیس کی ٹیموں کو مبارکباد دی۔ ہائی وے پر ڈرائیور کو دھمکا کر کاپر میٹریل لوٹا پولیس کے مطابق 18 اور 19 اگست 2026 کی درمیانی شب حیدرآباد کے بولک پور، مشیرآباد میں واقع سن لائٹ میٹلز پرائیویٹ لمیٹڈ سے 171 پلاسٹک بیگس میں کاپر کا خام مال ممبئی/امر ناتھ منتقل کیا جا رہا تھا۔ کاپر میٹریل سے لدی ایچر گاڑی سنگاریڈی ضلع کے منی پلی پولیس اسٹیشن کی حدود میں NH-65 پر بدیرا فلائی اوور عبور کرنے کے بعد پٹنَم ہائی وے ہوٹل کے قریب پہنچی تو چار نامعلوم افراد کار میں سوار ہوکر آئے اور گاڑی کو روک لیا۔ ملزمان نے چاقوؤں سے ڈرائیور سیفون، ولد امام کو دھمکایا اور زبردستی اپنی کار میں بٹھا کر لے گئے۔ بعد میں اسے آرور کے حدود میں چھوڑ دیا گیا اطلاع ملتے ہی منی پلی پولیس نے ایچر گاڑی کے GPS کی مدد سے تقریباً صبح 4:30 بجے آرور کے قریب گاڑی کو تلاش کرکے پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔ تلاشی کے دوران گاڑی میں صرف 48 بیگس کاپر میٹریل موجود پایا گیا، جبکہ 123 بیگس چوری ہوچکے تھے۔ مسروقہ کاپر میٹریل کی مالیت تقریباً 1.13 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ منی پلی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ضلع ایس پی پری توش پنکج، آئی پی ایس کی ہدایت پر سی سی ایس سنگاریڈی، منی پلی اور سداشیوپیٹ پولیس پر مشتمل خصوصی کرائم ٹیمیں تشکیل دی گئیں پولیس نے تکنیکی و سائنسی شواہد، گاڑیوں کی نقل و حرکت اور ٹول گیٹ کی معلومات کا تفصیلی تجزیہ کیا اسی دوران 27 اگست کو پولیس کو اطلاع ملی کہ مشتبہ DCM گاڑی کنکول ٹول گیٹ عبور کرکے ظہیرآباد کی سمت جارہی ہے۔ پولیس ٹیم نے دیگوال گاؤں کے قریب تقریباً شام 5:32 بجے گاڑی کو روک کر تلاشی لی اور اس میں موجود A-2 شیخ صابر شریف کو حراست میں لے لیا پوچھ گچھ میں 10 سے 11 دیگر افراد کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا۔ پولیس کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران A-2 شیخ صابر شریف نے جرم میں اپنے ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ A-1 سہیل کے علاوہ مزید 10 سے 11 افراد بھی اس واردات میں شامل ہیں ۔