وزیر داخلہ محمود علی کی کلکٹر اور ایس پی کو خاطیوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت
حیدرآباد۔7۔اکٹوبر(سیاست نیوز) سنگاریڈی کے قریب مسجد پر زعفرانی جھنڈے کو ہٹاتے ہوئے جس جگہ زعفرانی رنگ کیا گیا تھا اسے صاف کروادیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی نے بتایا کہ سنگاریڈی میں مسجد پر زعفرانی جھنڈا لہرانے کی اطلاع ملتے ہی انہوں نے متعلقہ سپرٹنڈنٹ آف پولیس او ر ضلع کلکٹر سے رابطہ کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا اور وقف بورڈ عملہ کو ہدایت دی کہ وہ اپنے ریکارڈ محکمہ مال کو پیش کرکے مسجد کے پاس شرانگیزی کی کوشش کے خلاف کاروائی کرے۔ وزیر داخلہ کی ہدایات کے بعد چیف ویجلنس آفیسر وقف بورڈ جناب خواجہ معین الدین نے متعلقہ عہدیداروں کو فوری جائے واقعہ کا معائنہ کرنے اور مسجد کی صفائی کی تاکید کی ۔ جناب محمد محمود علی نے کہا کہ حکومت کسی بھی شرانگیزی یا نفرت پھیلانے کی کوشش کو برداشت نہیں کرے گی اور نہ ہی مساجد کے تقدس کو پامال کرنے کو برداشت کیا جائیگا۔ انہو ںنے بتایا کہ دسہرہ کے موقع پر اس کوشش میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کی ہدایت دی جاچکی ہے ۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ اس شرانگیزی پر مقامی پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا ہے اور جب ان کے علم میں یہ بات لائی گئی تو انہوں نے فوری طور پر تلنگانہ وقف بورڈ کے عہدیدارو ںکو مساجد کے تحفظ اور صفائی کے اقدامات کی ہدایات جاری کی اور سنگاریڈی کے پولیس عہدیداروں اور محکمہ مال کے عہدیداروں کو مستقبل میں اس طرح کی کسی بھی کوشش کے خلاف سخت کاروائی کا انتباہ دیتے ہوئے انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ اس مسجد کو متنازعہ بنانے کی بجائے فوری مسئلہ کی یکسوئی کو یقینی بنایا جائے۔