سنگاریڈی کے قریب مسجد پر بھگوا جھنڈا لہرایا گیا

   

کے سی آر کی بی آر ایس پارٹی کی سرپنچ اور اس کے شوہر کی کارستانی ‘ امجد اللہ خالد کا دورہ
حیدرآباد۔/6 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سیکولر ہونے کا دعویٰ کرنے والی بی آر ایس پارٹی میں فرقہ پرستی اور مخالف مسلم چہرے بے نقاب ہونے لگے ہیں۔ فرقہ پرست بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کرنے اور ملک کو بچانے کا نعرہ دینے والے سربراہ بی آر ایس کیلئے خود اپنی جماعت سے بڑا چیلنج دکھائی دے رہا ہے۔ ایک واقعہ میں بی آر ایس پارٹی سے وابستہ قائدین نے مسجد پر بھگوا جھنڈا لہراتے ہوئے مسلم جذبات کو مجروح کرنے کی مذموم کوشش کی ہے۔ ضلع و منڈل سنگاریڈی کے کندی موضع کے ایک تانڈے میں مسجد کی دیواروں پر بھگوا رنگ کردیا گیا اور مسجد پر زعفرانی جھنڈا لہرادیا گیا۔ اس واقعہ کی اطلاع عام ہوتے ہی مقامی عوام اور ضلع ہیڈکوارٹر میں بے چینی پیدا ہوگئی اور اطلاع ملنے پر بعد قائد مجلس بچاؤ تحریک امجد اللہ خاں خالد کندی موضع پہنچ گئے اور ضلع ایس پی سے شکایت کرکے خاطی افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔قائد مجلس بچاؤ تحریک نے سنگاریڈی کے ایم بی ٹی قائدین ڈاکٹر غوث اور سابق کارپوریٹر ابوبکر کے ہمراہ مسجد کا دورہ کیا اور فرقہ پرست طاقتوں کی اس مذموم حرکت پر سخت احتجاج کیا۔ امجد اللہ خالد نے بتایا کہ اس موضع کی سرپنچ سریشا ریڈی ہیں اور ٹی پی ٹی سی رکن وینکٹیشور کنڈل ریڈی ہیں جن کا تعلق بی آر ایس سے بتایا گیا ہے۔ امجد اللہ خان خالد نے کنڈل ریڈی اور ان کی بیوی سریشا ریڈی کو اس مذموم حرکت کے ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ ان کی قیادت میں اس موضع میں دسہرہ کا جشن منایا گیا اور ان فرقہ پرستوں نے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاکر اپنی ذہنیت کو آشکار کیا ۔ انہوں نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو مشورہ دیا کہ وہ بی جے پی سے جنگ جاری رکھیں اور فرقہ پرستی کا خاتمہ ضرور کریں لیکن اپنی پارٹی میں موجود فرقہ پرستوں پر پہلے لگام لگائیں جو مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا کوئی موقع گنوانا نہیں چاہتے بلکہ اپنی ایسی حرکتوں سے بی جے پی کی درپردہ مدد کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس جانب وقف بورڈ کی توجہ بھی مبذول کروائی گئی اور مقامی سطح پر شکایت بھی کی گئی ہے۔ امن و امان کی برقراری اور بھائی چارہ کیلئے ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کنڈل ریڈی اور سریشا ریڈی کے علاوہ اس حرکت میں ملوث اور مسجد کی بے حرمتی کرنے والوں کو بی آر ایس سے معطل کرنے اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ع