سوئٹزرلینڈ میں فائرنگ، ایک شخص ہلاک، متعدد زخمی

   

جینوا۔ 30 اگست (ایجنسیز) سوئٹزرلینڈ کے شہر آراو میں رات گئے ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہوگئے جن میں بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ کینٹن آرجاو پولیس نے ابتدائی معلومات کے مطابق آج اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر اس واقعے کی تصدیق کی۔اس سے قبل سوئس اخبار ’’بلیک‘‘ نے پولیس کے حوالے سے بتایا تھا کہ آراو شہر میں صبح سویرے ایک تقریب کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔کینٹن پولیس نے ’’ایکس‘‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ آراو‘ شاخن کے علاقے میں ایک تقریب کے دوران رات گئے فائرنگ میںمتعدد افراد متاثر ہوئے۔بڑے پیمانے پر پولیس کارروائی جاری ہے جبکہ شہریوں کو علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پولیس نے اس مرحلے پر مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ مقامی میڈیا کا خیال ہے کہ پولیس کا وسیع آپریشن مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے کیا جا رہا ہے۔ سوئس اخبار ’’بلیک‘‘ نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا کہ فائرنگ رات 3 بجے سے کچھ پہلے ہوئی، جو عالمی معیاری وقت کے مطابق رات 1 بجے کا وقت بنتا ہے۔یہ واقعہ ’’آراور رَیف‘‘ کے سالانہ ٹیکنو میوزک میلے کے موقع پر پیش آیا جس میں تقریباً 3500 افراد نے شرکت کی۔
یہ تقریب ہفتے کی سہ پہر 3 بجے سے اتوار کی صبح 2 بجے تک آراو کے گھڑ دوڑ کے میدان میں جاری رہی۔پولیس کی ترجمان وینیسا رومبولڈ نے اخبار کو بتایا کہ ممکنہ طور پر فائرنگ گھڑ دوڑ کے میدان میں ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال پولیس صرف اتنا تصدیق کر سکتی ہے کہ لوگوں کے ایک بڑے ہجوم کے درمیان متعدد گولیاں چلائی گئیں۔اخبار نے ایک عینی شاہد کے حوالے سے ’’فائرنگ کے مسلسل برسٹ‘‘ کی اطلاع بھی دی۔سوئٹزرلینڈ میں یورپ کے بلند ترین شرحِ اسلحہ رکھنے والے ممالک میں شمار ہوتا ہے، تاہم وہاں پرتشدد فائرنگ کے واقعات شاذ و نادر ہی پیش آتے ہیں۔ سوئس حکام نے 2019 میں آتشیں اسلحے پر نگرانی کے لیے مزید سخت قوانین بھی نافذ کیے تھے۔