سپریا سولے کا این سی پی اتحاد پر موقف، فیصلہ شرد پوار کا ہوگا

   

ممبئی ، 8 جون (یو این آئی) این سی پی کے ایم ایل اے امول مٹکری نے بھائی بہن اجیت پوار اور سپریا سولے کے ساتھ انتخابات سے قبل اتحاد کی خواہش ظاہر کی تھی جس پر سپریا سولے نے آج بارامتی میں اپنے ردعمل میں کہا کہ اجیت پوار اور وہ بچپن سے بھائی بہن ہیں اور وہ مٹکری کی خواہش کی قدر کرتی ہیں۔ تاہم این سی پی کے اتحاد کا حتمی فیصلہ پارٹی کے صدر شرد پوار کا ہوگا۔سپریا سولے نے صحافیوں کے سوال پر کہا کہ یہ میرا فیصلہ نہیں، کون کہاں جائے گا یہ پارٹی کا فیصلہ ہے ۔ پوار صاحب کی سیاست ہم سب جانتے ہیں اور وہ جو بھی فیصلہ کرتے ہیں وہ جمہوری طریقے سے ہوتا ہے ۔ میں کارکنوں کے خیالات جانوں گی اور اس پر بات کروں گی۔انہوں نے 99ویں آل انڈیا مراٹھی ادبی کانفرنس کیلئے جگہ کے انتخاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر کے اس شہر کو 32 سال بعد یہ عزت ملی ہے ۔جب صحافیوں نے پوار خاندان کے بارامتی میں موجودگی کے بارے میں پوچھا تو سپریا نے مہارت سے جواب دینے سے گریز کیا اور کہاکہ میں بارامتی میں ہوں، مجھے نہیں معلوم کہ کونسے پوار کہاں ہیں ، میں یہاں سے انداپور جا رہی ہوں۔مالیگاؤں فیکٹری الیکشن کے حوالے سے پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ شام میں میٹنگ ہے اور وہ اس الیکشن میں سیاست نہیں لانا چاہتی ہیںبلکہ کسانوں کے مفاد میں صحیح فیصلہ کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ این سی پی کے صدر شرد چندر پوار خود کارکنوں سے بات چیت کے بعد اس سلسلے میں میٹنگ کریں گے ۔سپریا سولے نے راہول گاندھی کے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وہ اس خط پر الیکشن کمیشن کے جواب کا انتظار کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ راہول گاندھی اور دیویندر فڑنویس دونوں کو اپنی رائے کا اظہار کرنے کا حق حاصل ہے ۔