والد کے قتل کا مجاہد عالم خاں و محبوب عالم خاں پر الزام ، مہلوک کے فرزند کا بیان

   

حیدرآباد ۔ 23 مئی (سیاست نیوز) سینئر ایڈوکیٹ خواجہ معزالدین کی ہلاکت پر ان کے فرزند ثناء اللہ فرحان ایڈوکیٹ نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد کا قتل سونچی سمجھی سازش کا حصہ ہے۔ انہوں نے مجاہد عالم خاں اور محبوب عالم خاں پر قتل کا الزام لگایا اور بتایا کہ ان کے والد اور ان پر مقدمات سے دستبرداری کیلئے کافی دباؤ ڈالا جارہا تھا۔ میڈیا کو دیئے گئے اپنے بیان میں فرحان نے بتایا کہ ایک مرتبہ مسجد میں بھی حملہ کی کوشش کی گئی اور مسلسل دباؤ ڈالا جارہا تھا اور دھمکیاں دی جارہی تھیں کہ وہ ان کے خلاف دائر مقدمات سے دستبردار ہوجائیں دیگر صورت میں سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تحفظ کیلئے پولیس سے مسئلہ کو رجوع کیا گیا تھا اور سابق میں گن لائنس کیلئے بھی درخواست دی گئی تھی لیکن پولیس نے کوئی جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کیس کی مکمل تحقیقات اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ع A/b

میرا اور میرے والد کا نام غیر ضروری گھسیٹا جارہا ہے : مجاہد عالم خاں
حیدرآباد ۔ 23 مئی (سیاست نیوز) سینئر ایڈوکیٹ خواجہ معزالدین قتل میں الزامات کا سامنا کررہے مجاہد عالم خاں نے اپنے جاری کردہ بیان میں الزامات کی سخت انداز میں مذمت کی اور کہا کہ وہ حیدرآباد میں موجود ہی نہیں ہیں۔ وہ ایک ہفتہ سے او ٹی میں تھے اور بنگلور آئے ہوئے ہیں۔ مجاہد عالم خاں نے سخت افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد کا نام غیرضروری طور پر گھسیٹا جارہا ہے۔ انہوں نے الزامات کو بڑی سازش کا حصہ قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کا خاندان ملت کی تعلیمی ترقی کیلئے کام کررہا ہے اور اپنے اداروں کے ذریعہ ملت کے نوجوانوں کو زیورتعلیم سے آراستہ کررہا ہے۔عA/b