سڑک حادثات میں پانچ افراد بشمول دو خواتین ہلاک

حیدرآباد ۔ 10اپریل ( سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں پانچ افراد بشمول دو خواتین فوت ہوگئیں ۔ گولکنڈہ پولیس کے مطابق 20سالہ محمد افروز جو دھان کوٹہ علاقہ کے ساکن محمد سلیم کا بیٹا تھا ، پیشہ سے دودھ فروش بتایا گیا ہے ۔ آج صبح یہ نوجوان منی کنڈہ علاقہ سے لنگر حوض کی جانب سے جارہا تھا کہ ایک تیز رفتار کار کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ کشائی گوڑہ پولیس کے مطابق 29سالہ کے مہیش جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا یکم اپریل کوموٹر سیکل پرجارہا تھا کہ حادثہ پیش آیا ۔ اس حادثہ میں شدید زخمی مہیش آج صبح علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ پہاڑی شریف پولیس کے مطابق 72سالہ خاتون پونماں جو تکوگوڑہ علاقہ کے ساکن جنگیا کی بیوی تھی ، 29مارچ کو یہ خاتون اپنے بیٹے کے ہمراہ موٹر سیکل پر جارہی تھی کہ موٹر سیکل سے گرکر شدید زخمی ہوگئی اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی ۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 28سالہ منگماں عرف سادھوی جو جنواڑہ علاقہ کے ساکن راما کرشنا کی بیوی تھی ۔یہ خاتون 6 اپریلکو سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں شدید زخمی ہوگئی تھی جو کل رات فوت ہوگئی ۔ کتور پولیس کے مطابق 32سالہ ترپوتی جو پیشہ سے لیبر ،ونپرتی علاقہ میں رہتا تھا ، 7اپریلکو یہ شخص موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ قومی شاہراہ پر پیش آئے حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا تھا جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرتے ہوئے مصروف تحقیقات ہے ۔

TOPPOPULARRECENT