وقف بورڈ میں علماء و مشائخین کا اجلاس، محمد سلیم نے تفصیلات سے واقف کرایا
حیدرآباد۔25 ۔اگست (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے سکریٹریٹ کی مساجد کے مسئلہ پر علماء مشائخ اور ائمہ و مؤذنین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں مساجد کی تعمیر نو کے سلسلہ میں حکومت کے منظورہ پلان سے واقف کرایا گیا۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سکریٹریٹ کے احاطہ میں موجودہ مقامات پر مساجد کی دوبارہ تعمیر کا اعلان کیا ہے ۔ مساجد کے تعمیری منصوبہ کو وقف بورڈ نے منظوری دے دی اور محکمہ آر اینڈ بی کے حوالے کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ 1500 مربع گز اراضی پر 2.90 کروڑ کے خرچ سے دونوں مساجد تعمیر کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مساجد تلنگانہ کی خوبصورت مساجد میں شمار کی جائیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ ماہ چیف منسٹر کی منظوری سے تعمیری کاموں کے آغاز کی تاریخ طئے کی جائے گی ۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر مساجد کی تعمیر میں سنجیدہ ہیں اور وہ مسلمانوں سے کئے گئے وعدہ کو پورا کریں گے ۔ محمد سلیم نے ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کے بقایہ جات کی عنقریب اجرائی کا تیقن دیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ تعمیری کاموں کے آغاز کیلئے محرم کے بعد تاریخ طئے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں حکومت کا تعاون حاصل ہے ۔ ابھی تک 500 غیر مجاز رجسٹریشن منسوخ کئے گئے جبکہ 7 غیر آباد مساجد کو آباد کیا گیا ۔ اجلاس میں شریک علماء و مشائخین نے مساجد کی دوبارہ تعمیر کے منصوبہ پر اطمینان کا اظہار کیا اور حکومت سے خواہش کی کہ جلد سے جلد تعمیری کاموں کا آغاز کیا جائے۔ R