حیدرآباد17 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اگنی پتھ اسکیم کے خلاف سکندرآباد اسٹیشن پر احتجاج کے دوران راکیش نامی نوجوان کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے متوفی راکیش کی موت پر افراد خاندان سے اظہار ہمدردی بھی کیا ہے ۔ یہ نوجوان ریلوے پولیس کی فائرنگ میں ہلاک ہوا تھا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے متوفی کے افراد خاندان کیلئے 25 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے گھر کے ایک اہل فرد کیلئے سرکاری ملازمت کی فراہمی کا بھی وعدہ کیا ۔ اپنے ایک بیان میں کے سی ر نے کہا کہ نوجوان مرکزی حکومت کی جانب سے اگنی پتھ اسکیم کے تحت تقررات کی مخالفت میں احتجاج کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ راکیش مرکزی حکومت کی ناقص پالیسیوں کا شکار ہوگیا ہے ۔ انہوں نے ریاست کے عوام کو تیقن دیا کہ تلنگانہ حکومت نوجوانوں کی اسی طرح حفاظت کرے گی جس طرح ایک ماں اپنے بچے کی حفاظت کرتی ہے ۔