مرکزی وزیر نے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا، انٹر نیشنل ایر پورٹ کی طرح سہولتیں فراہم کرنے کا تیقن
حیدرآباد۔/7 فروری، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے آج سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو عصری بنانے اور دیگر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کا دورہ کرتے ہوئے جاریہ کاموں کے بارے میں تفصیلات حاصل کی اور نومبر 2025 تک کاموں کی تکمیل کی ہدایت دی۔ جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے ارون کمار جین اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ کشن ریڈی نے اسٹیشن کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ریلوے اسٹیشن کی عمارت کے دونوں جانب جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا شخصی طور پر جائزہ لیا اور عہدیداروں سے تفصیلات معلوم کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے عصری بنانے کے پراجکٹ کا اپریل 2023 میں سنگ بنیاد رکھا تھا اور تاحال 20 تا 25 فیصد کام مکمل ہوچکے ہیں۔ توقع ہے کہ نومبر 2025 تک سکندرآباد ریلوے اسٹیشن ملک کے عصری اسٹیشنوں میں شمار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پراجکٹ پر تقریباً 750 کروڑ خرچ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو بین الاقوامی ایر پورٹ کی طرز پر ترقی دی جارہی ہے اور بین الاقوامی معیار کی سہولتیں مسافرین کیلئے موجود رہیں گی۔ جنرل منیجر ارون کمار جین نے مرکزی وزیر کو بتایا کہ 26 لفٹ، 32 اسکلیٹرس اور 2 ٹراویلیٹرس کا اضافہ ہوگا۔ ریلوے اسٹیشن کے مشرقی اور مغربی جانب بس اسٹیشن اور دیگر سہولتیں رہیں گی۔ اسٹیشن میں روف پلازہ، کیفٹیریا، تفریح کی سہولتیں، ریٹیل شاپس اور مقامی پراڈکٹس کی دکانات موجود رہیں گی۔ کشن ریڈی نے ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے عہدیداروں کی کاموں کی تیزی سے تکمیل پر ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں دیگر کئی ریلوے ترقیاتی پراجکٹس کا کام تیزی سے جاری ہے۔ چرلہ پلی ریلوے ٹرمنل کا کام جلد ہی مکمل ہوجائے گا۔ کشن ریڈی نے نامپلی، کاچی گوڑہ، لنگم پلی اور بیگم پیٹ اسٹیشنوں کی ترقی کے اقدامات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی کم عرصہ میں ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے حکام نے تعمیری کاموں میں پیشرفت کی ہے۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے ترقیاتی منصوبہ میں عصری سہولتوں کے ساتھ خوبصورت عمارت ملٹی ماڈل انٹیگریشن، مشرقی اور مغربی جانب میٹرو اور بس اسٹیشن کی سہولت، سی سی ٹی وی کیمرہ ، گرین بلڈنگ، سولار انرجی اور پانی کے تحفظ جیسی سہولتیں شامل رہیں گی۔1