سہارنپور/لکھنؤ، 7 ستمبر (یو این آئی) اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اجے رائے نے سہارنپور کلکٹریٹ احاطے میں واقع مسجد کو منہدم کیے جانے کے واقعے کو لے کر ریاستی حکومت کو نشانہ بنایا ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ واقعے کے متاثرین اور مسجد کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کے لیے جا رہے انہیں اور کانگریس کارکنوں کو پولیس نے طاقت کے زور پر روک کر گرفتار کر لیا۔اجے رائے نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کے اشارے پر اتر پردیش پولیس نے کانگریس رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ آمرانہ رویہ اختیار کیا اور طاقت کا استعمال کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت یہ اچھی طرح سن لے کہ جابرانہ ہتھکنڈوں اور پولیس کی طاقت کے ذریعے کانگریس کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں انصاف دلانے کی لڑائی ہر حال میں جاری رکھے گی۔ رائے نے پولیس کارروائی کو جمہوری حقوق کے خلاف قرار دے کر حکومت سے جواب طلب کیا۔قابل ذکر ہے کہ ضلعی جج کا فیصلہ آنے کے بعد کلکٹریٹ میں مسجد کو بلڈوزر سے منہدم کر دیا گیا ۔ ناخوشگوار واقعہ کے خدشے کے پیش نظر شہر میں بھاری پولیس فورس تعینات کی گئی ہے ۔حالانکہ رات میں یہ افواہ پھیل گئی تھی۔ انٹرنیٹ میڈیا پر ارکان پارلیمان اور کونسلروں کی جانب سے بیان بازی بھی کی جا رہی تھی۔ وہیں کیرانہ کی رکن پارلیمان اقرا حسن کو پولیس نے نظر بند کر دیا ہے ۔