سیاست ملت فنڈ کی جانب سے تاحال 5224 نامعلوم مسلم میتوں کی تجہیز و تکفین

   


نفسا نفسی کے دور میں ملک و قوم کے لیے روزنامہ سیاست کی خدمات مثالی
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : نفسا نفسی کے اس دور میں جب کہ لوگ بقید حیات لوگوں کی قدر نہیں کرتے ان کے ساتھ عزت و احترام سے پیش نہیں آتے ۔ نعشوں سے گذر کر اقتدار کی راہداریوں تک پہنچ جاتے ہیں ۔ لوٹ مار قتل و غارت گری سے بھی گریز نہیں کرتے ، دولت و طاقت کے نشہ میں اس قدر دھت ہوجاتے ہیں کہ غرور و تکبر کی بیماریوں میں مبتلا ہوجاتے ہیں ۔ ایسے میں کوئی شخصیت یا کوئی ادارہ نا معلوم نعشوں کی تجہیز و تکفین کرتے ہوئے بے حساب ثواب بٹورتے ہیں تو ایسے یقینا اللہ تعالیٰ کا انعام ہی کہا جائے گا ۔ اس معاملہ میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور ادارہ سیاست خوش نصیب ہیں ۔ سیاست ملت فنڈ نے نامعلوم مسلم نعشوں کی تجہیز و تکفین کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے صرف حیدرآباد یا تلنگانہ ہی نہیں سارے ملک میں ایک مثال قائم کی ۔ دو دن قبل نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں کو چادر گھاٹ پولیس اسٹیشن سے ایک مراسلہ موصول ہوا جس میں ایک نامعلوم مسلم نعش کی تجہیز و تکفین کی درخواست کی گئی اسی طرح دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف پولیس اسٹیشنوں سے مزید 9 نعشوں کی تجہیز و تکفین کی درخواستیں موصول ہوئیں ۔ چنانچہ ان تمام نامعلوم مسلم نعشوں کی پورے عزت و احترام کے ساتھ علماء و مشائخین کی موجودگی میں تجہیز و تکفین عمل میں آئی اور قبرستان کوکٹ پلی میں انہیں سپرد خاک کیا گیا ۔ ان نعشوں کی تدفین کے ساتھ ہی سیاست ملت فنڈ کی جانب سے تاحال 5224 نامعلوم مسلم نعشوں کی تدفین عمل میں آئی ہے ۔ واضح رہے کہ عثمانیہ ہاسپٹل ، گاندھی ہاسپٹل مضافاتی علاقوں میں واقع گرجا گھروں اور بیت المعمرین سے یہ نعشیں حاصل کر کے ان کی تجہیز و تکفین عمل میں لائی جاتی ہے ۔ واضح رہے کہ مذکورہ 10 نعشوں میں سے 9 کی نماز جنازہ سید حفیظ اشرف امام و خطیب جامع مسجد محمدیہ کشن باغ نے پڑھائی اور ایک میت کی نماز جنازہ مفتی شکیل احمد قاسمی ناظم مدرستہ السنہ الرشاد سکندرآباد مسجد اقبال الدولہ میں پڑھائی ۔ اس موقع پر مولانا سید معز الدین اشرفی خلیفہ علامہ مدنی میاں اشرفی الجیلانی ، سید امیر الدین ملک پیٹ ، محمد اکرم عیدی بازار ، محمد شجاعت بالا پور ، سماجی جہدکار حمید بھائی ، شیخ نعیم جہاں نما ، شیخ معین بھائی ، محمد عنایت ، سید زبیر احمد ہاشمی موجود تھے ۔ محترمہ بشریٰ تبسم نے اس موقع پر کہا کہ اگر کوئی میت کو کفن دیتا ہے تو اس بارے میں ہمارے نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ اسے جنت میں ریشم کا لباس عطا کریں گے ۔ مفتی شکیل احمد قاسمی نے میت کو غسل دینے والوں کی فضیلت بیان کرتے ہوئے احادیث کے حوالے سے بتایا کہ اگر غسل دینے والا غسل کے وقت میت میں کوئی عیب دیکھتا ہے اور اسے دوسروں پر عیاں نہیں کرتا ہے تو اللہ اس کے 40 کبیرہ گنا معاف کردیتے ہیں ۔ ان میتوں کی تجہیز و تکفین کی نگرانی سید زاہد حسین ریٹائرڈ اسسٹنٹ سب انسپکٹر نے کی ۔ مولانا سید حفیظ اشرفی ، جناب سید عبدالمنان اور محمد عبدالجلیل نے مرحومین کے حق میں مغفرت کی دعا کی اور ملت فنڈ سے تعاون کرنے والوں کی عمر و اقبال میں ترقی اور دینی درجات میں بلندی کی دعا کی ۔۔