سیاسی انتقام لیا گیا تو بی آر ایس پارٹی کو عوام اقتدار سونپ دے گی : کے ٹی آر

   

تلنگانہ بھون میں نئے سال کے کیلنڈر کی رسم اجرائی تقریب سے خطاب
حیدرآباد۔ 8 جنوری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ سیاسی انتقام لینے پر وہ دوبارہ ہیمنت سورین کی طرح اُبھر کر آئیں گے۔ تلنگانہ بھون میں نئے سال کے کیلنڈر کی رسم اجرائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ فارمولہ۔ ای کار ریسنگ معاملے میں چیف منسٹر کی جانب سے سیاسی انتقام لینے کا عوام کو اندازہ ہوچکا ہے۔ اب جو سیاسی صورتحال ہے، وہ بی آر ایس کیلئے زیادہ تکلیف دہ نہیں۔ جب پارٹی تشکیل دی گئی تھی، تلنگانہ تحریک کا آغاز کیا گیا تو بڑے پیمانے پر علیحدہ ریاست کیلئے قربانیاں دی گئی تھیں، موجودہ صورتحال اس سے زیادہ تکلیف دہ نہیں ہے۔ میرے خلاف انتہائی کمزور کیس درج کیا گیا۔ میرے جسم میں کے سی آر کا خون دوڑ رہا ہے۔ وہ اِن حالات سے ڈرنے اور گھبرانے والے نہیں ہیں بلکہ اس صورتحال کا وہ ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ جھارکھنڈ کے چیف منسٹر ہیمنت سورین کے خلاف مرکزی حکومت نے سیاسی انتقام کے طور پر جھوٹے مقدمات میں پھنسایا تھا، لیکن ریاست اور عوام کیلئے جدوجہد کرنے والے شیبو سورین کے بیٹے کو عوام نے دوبارہ اقتدار سونپ دیا۔ لگچرلہ کے کسانوں نے اپنی اراضیات کے تحفظ کیلئے احتجاج کیا جنہیں 40 دن تک جیل میں رکھا گیا۔ وہ پھر سے کہہ رہے ہیں کہ فارمولہ۔ ای کار ریسنگ میں کوئی بدعنوانی نہیں ہوئی ہے، ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے گئے ہیں، عدلیہ، قانون اور دستور کا وہ احترام کرتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ بہت جلد بے قصور ثابت ہوں گے۔ کانگریس حکومت ہر کسان کو فی ایکر 17 ہزار روپئے باقی ہے۔ بی آر ایس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرتے ہوئے 6 گیارنٹیوں ، کسانوں کے قرض کی معافی، ریتو بھروسہ اور سماج کے مختلف طبقات کیلئے کئے گئے وعدوں پر حکومت سے سوال کررہی ہے، اس لئے بی آر ایس قائدین کے خلاف حکومت جھوٹے مقدمات درج کرواتے ہوئے خوفزدہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے پارٹی کا ہر کارکن خود کو کے سی آر تصور کرتے ہوئے جدوجہد کرے اور حکومت کی ناکامیوں کو منظر عام پر لانے میں اہم رول ادا کرے۔ بی آر ایس پارٹی کی بہت جلد رکنیت سازی مہم شروع کی جائے گی ۔ ضلعی ، منڈل اور ریاستی سطح کی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ 2

پارٹی کیلئے خدمات انجام دینے والے تمام قائدین سے مکمل انصاف کیا جائے گا۔ 2