سیکورٹی فورسزکا نکسلیوں کے ہائی ٹیک ٹریننگ کیمپ پر قبضہ

   

بیجاپور: چھتیس گڑھ کے بیجاپور میں سیکیورٹی فورسز نے نکسلیوں کے ہائی ٹیک ٹریننگ کیمپ پر قبضہ کر کے ایک اور کامیابی حاصل کی ہے ۔بیجاپور اور تلنگانہ کی سرحد پر واقع بھٹی گڑا کے جنگلات میں نکسلیوں نے ہائی ٹیک ٹریننگ کیمپ قائم کر رکھا تھا۔ منگل کے روز کوبرا بٹالین کے جوانوں نے ٹریننگ کیمپ میں دھاوا بول کر کیمپ کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ ساتھ ہی ٹریننگ کیمپ میں بنے یادگاری نشان کو بھی تباہ کر دیا۔ نکسلیوں نے گنگن چمبی درختوں کو بھی ٹریننگ کے لیے تیار کر رکھا تھا۔ ٹریننگ کے لیے پختہ بیرک اور جھونپڑیاں بنائی گئی تھیں، جنہیں سیکیورٹی فورس کے جوانوں نے ہٹا دیا۔ قابل ذکر ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے بھٹی گڑا کے جنگلات میں ختم ہونے والی جھڑپ میں 16 نکسلیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔