نئی دہلی ۔ 20 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے جمعرات کو مرکز سے نئی عرضیوں پر جواب طلب کیا، جو شہریت ترمیمی قانون کے دستوری جواز کو چیلنج کرتے ہوئے داخل کی گئی ہیں ۔ کیرالا کی تنظیم ، انجمن ٹرسٹ اور دکشن کیرالا جمیعۃ العلماء کے بشمول 15 درخواست گزار سپریم کورٹ سے سی اے اے کی مخالفت میں رجوع ہوئے ہیں۔ عدالت عظمیٰ میں پہلے سے نئے قانون شہریت کو چیلنج کرتے ہوئے 150 عرضیاں معرض التواء ہیں۔ چیف جسٹس ایس اے بوبڈے ، جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس سوریا کانت کی بنچ نے 15 تازہ عرضیوں کو پہلے ہی زائد از 150 درخواستوں کے ساتھ جوڑتے ہوئے مرکز اور دیگر کو نوٹس جاری کی ہے ۔ ان عرضیوں پر مارچ میں سماعت متوقع ہے ۔