سی پی آئی کی جانب سے غیر مقامی ورکرس میں اناج کی تقسیم

   

حکومت اعلانات پر عمل کرے، ڈاکٹر نارائنا کا مطالبہ
حیدرآباد۔/4 اپریل، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا اور سی پی آئی کے سکریٹری آندھرا پردیش یونٹ ڈاکٹر کے رام کرشنا اور سی پی آئی حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے سکریٹری ای ٹی نرسمہا کی نگرانی میں آج ونائیک نگر و فلم نگر کے علاقوں میں مزدوروں میں چاول اور تیل تقسیم کیا گیا۔ سی پی آئی کی جانب سے یہ تقسیم عمل میں آئی۔ لاک ڈاؤن کے سبب دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے ورکرس بری طرح متاثر ہوئے ہیں ان کی متعلقہ مقامات کو واپسی کا کوئی نظم نہیں ہے۔ تلنگانہ حکومت نے اگرچہ چاول اور امداد کا اعلان کیا لیکن غیر مقامی ورکرس تک امداد نہیں پہنچ سکی۔ ڈاکٹر نارائنا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر منظم شعبہ کے مزدوروں ، غریبوں اور غیر مقامی ورکرس کے مسائل پر توجہ مرکوزکریں۔ لاک ڈاؤن کے بعد سے یہ غریب غذا کیلئے ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو اپنے اعلانات پر عمل کرنا چاہیئے۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ عوام لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کے ذریعہ کورونا وائرس سے بچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ماہرین کی ہدایات پر عمل کے ذریعہ سماج کو وائرس کے خطرات سے بچایا جاسکتا ہے۔