سی پی ایم قائدین کے خلاف درج مقدمات سے دستبرداری کا مطالبہ

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی سے پارٹی قائدین کی ملاقات
حیدرآباد۔/28 جولائی، ( سیاست نیوز) سی پی آئی ایم کے ریاستی قائدین نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور ریاست میں سی پی ایم قائدین کے خلاف عائد مقدمات سے دستبرداری کی اپیل کی۔ سرکاری اراضیات کو غریبوں کے حوالے کرنے کے بارے میں سی پی ایم نے سابق بی آر ایس دور حکومت میں کئی اضلاع میں احتجاج کیا تھا۔ سابق حکومت کی جانب سے پارٹی قائدین کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ پارٹی کے ریاستی عاملہ کے رکن ایس ویریا، سابق رکن اسمبلی جے رنگاریڈی اور دوسروں نے چیف منسٹر سے ملاقات کی اور مقدمات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کے دوران سی پی ایم کارکنوں کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سابق بی آر ایس دور حکومت میں کئے گئے گھر گھر سروے میں اس بات کا پتہ چلا ہے کہ لاکھوں غریب خاندان گھر کے بغیر زندگی بسر کررہے ہیں۔ بی آر ایس حکومت نے غریبوں کو مکانات کی فراہمی کا وعدہ پورا نہیں کیا۔ 2022 تا 2024 کے درمیان سرکاری اراضیات پر غریبوں کو بسانے کی سی پی ایم نے کوشش کی۔ ورنگل، ہنمکنڈہ، جنگاؤں، بھوپال پلی، محبوب آباد، ملگ، سنگاریڈی، رنگاریڈی، میدک، منچریال، پدا پلی، سوریا پیٹ، کاماریڈی، کتہ گوڑم، ونپرتی، جگتیال اور کورٹلہ میں غیرضمانتی دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے یقین دلایا کہ سیاسی نوعیت کے مقدمات کے بارے میں حکومت عنقریب فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے سی پی ایم قائدین کے خلاف عوامی جدوجہد پر درج مقدمات کا جائزہ لینے کا تیقن دیا۔1