دوبئی ۔ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) یو اے ای کے سرکاری میڈیا نے ملک کے صدر جو عوامی سطح پر شاذونادر ہی نظر آتے ہیں، کی تصاویر شائع کی ہیں جہاں وہ دیگر حکمراں شیوخ سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں مقدس ماہ رمضان المبارک کی مبارکباد دے رہے ہیں۔ سرکاری وام خبر رساں ایجنسی نے جمعرات کے روز شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی تصاویر شائع کی ہیں جو ابوظہبی کے ال تبین پیالیس میں کھینچی گئی تھیں جس میں 71 سالہ شیخ خلیفہ روایتی عربی لباس زیب تن کئے ہوئے ہیں۔ ان سے ابوظہبی کے بااختیار ولیعہد شیخ محمد بن زیدالنہیان کو ملاقات کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جن کے بارے میں تجزیہ نگاروں کا کہنا ہیکہ موصوف متحدہ عرب امارات میں روزمرہ کے سرکاری امور انجام دیتے ہیں۔ یاد رہیکہ شیخ خلیفہ 2004ء متحدہ عرب امارات کے صدر بنے تھے جبکہ وہ تیل کی دولت سے مالامال متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی کے حکمراں بھی ہیں۔ 24 جنوری 2014ء میں شیخ خلیفہ پر فالج کا حملہ ہوا تھا اور ان کی سرجری کروائی گئی تھی۔ اس کے بعد سے آج تک شیخ خلیفہ کو عوامی سطح پر شاذونادر ہی دیکھا جاتا ہے۔