شامی باغیوں کا دمشق کا محاصرہ کرلینے کا ادعا

,

   

بشارالاسد کے دمشق چھوڑ دینے کی اطلاعات کی تردید
دمشق : شام میں باغیوں کی برق رفتار پیشرفت جاری ہے اور وہ دارالحکومت دمشق کے قریب پہونچنے لگے ہیں۔ بشارالاسد حکومت نے تاہم تردید کی کہ فوج شہر کے اطراف سے دستبردار ہوگئی ہے ۔ باغیوں نے دعوی کیا ہے کہ انہوں نے شہر کا محاصرہ کرلیا ہے ۔باغی کمانڈر حسن عبدالغنی نے کہا کہ ہماری افواج نے دارالحکومت کے محاصرہ کا قطعی مرحلہ شروع کردیا ہے ۔ باغی فوج کی سربراہی والے اسلامی گروپ حیات التحریر شام نے باغیوں سے کہا کہ وہ اسد حکومت کو زوال کا شکار کرنے کیلئے تیار ہوجائیں۔ حیات التحریر شام کے احمد الشارع نے ٹیلی گرام پر کہا کہ دمشق آپ کا انتظار کر رہا ہے ۔ شام کی وزارت دفاع نے کہا کہ مسلح افواج دمشق کے علاقوں میں موجود ہیں۔ ان اطلاعات میں کوئی سچائی نہیں ہے کہ ہماری افواج نے دمشق کے قریب ٹھکانوں سے دستبرداری اختیار کرلی ہے ۔ شامی صدارت نے بھی ان اطلاعات کی تردید کردی ہے کہ بشارالاسد دمشق چھوڑ گئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ وہ اپنے کام میں مصروف ہیں اور دارالحکومت سے ہی قومی اور دستوری فرائض انجام دے رہے ہیں۔شام میں باغیوں نے ایک ہفتے قبل پیشرفت کا آغاز کیا تھا اور اب تک جملہ 826 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس دوران روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا کہ شام کو دہشت گرد باغیوں کے ہاتھوں زوال کا شکار ہونے نہیں دیا جانا چاہئے ۔ ایسا ہونا معاہدات کی خلاف ورزی ہوگا ۔ اس دوران امریکہ کے منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے تاہم آج کہا کہ امریکہ کو شام کی صورتحال میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہئے ۔