شامی پائلٹ 43 سال بعد خاندان میں واپس

   

حماۃ پر بمباری سے انکار پر گرفتار کیا گیا تھا
دمشق :جیلوں سے سینکڑوں قیدیوں کی رہائی کے بعد چند دنوں میں کئی سانحات نے شامیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ حالیہ عرصے میں خوفناک سیلز سے جاری ہونے والا ہر نام سلاخوں کے پیچھے برسوں کی ہولناکیوں کو بیان کر رہا ہے ۔ تاہم سوشل میڈیا پر سرفہرست ناموں میں ایک سابق شامی پائلٹ راگید التاری بھی ہیں۔ انہوں نے 43 سال سے زیادہ جیل میں قید کے بعد آزادی پائی ہے ۔میڈیا کے مطابق اس پائلٹ کو 1982 میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ایک نوجوان تھا۔ اس کو اس لیے گرفتار کیا گیا تھا کہ اس نے حماۃ پر بمباری سے انکار کر دیا تھا۔ چند روز قبل انہیں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد طرطوس جیل سے رہا کرا لیا گیا۔ ویڈیو کلپس میں دیکھا جا رہا ہے کہ ستر سالہ راگید التاری اپنے باقی خاندانوں اور رشتہ داروں سے ملنے آئے ہیں۔ ملٹری آپریشنز ڈیپارٹمنٹ نے دمشق کے دیہی علاقوں کے ساتھ حلب، حماۃ، حمص اور دیگر میں جیلوں سے ہزاروں قیدیوں کو رہا کردیا ہے ۔