محلے کی مساجد میں مختصر اجتماعات ہوں، سڑکوں پر ہجوم جمع ہونے سے گریز کریں
نئی دہلی : دہلی کی جامع مسجد کے شاہی امام احمد بخاری نے فرزندان توحید سے اپیل کی ہے کہ وہ شب برات کے موقع پر گھروں میں عبادتوں کا اہتمام کریں یا پھر محلوں کی مسجدوں میں شب بیداری کریں۔ وہیں احمد بخاری نے سڑکوں پر بھیڑ اکٹھا کرنے سے بھی گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔ شب معراج و شب برات میں تمام مسلمان اپنے اپنے حلقوں میں مساجد، عبادت گاہوں اور خانقاہوں میں حاضری دے کر عبادت کرتے ہیں اور شب معراج اور شب برات میں رات بھر عبادت میں مشغول رہتے ہیں جس کی وجہ سے مساجد اور قبرستانوں میں بھیڑ بھاڑ ہوتی ہے۔ اس لئے اس سال شب معراج و شب برات پر بھیڑ بھاڑ کے جمع ہونے پر بھی گریز کرنے اپیل کی ہے۔وہیں شب معراج اور شب برات کے پیش نظر عوامی تقریبات پر مہاراشٹرحکومت نے وقتی پابندی عائد کر دی ہے۔ کیونکہ ریاست میں کورونا وبا میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، اس کے پس منظر میں حکومت مہاراشٹر اور حکومت تلنگانہ نے بھی شب معراج اور شب برات کے لئے گائیڈ لائن مرتب کی ہیں۔ اس سال شب معراج و شب برات پر بھیڑ بھاڑ کے جمع ہونے پر حکومت مہاراشٹر نے بھی پابندی عائد کردی ہے اور مقررہ حد میں ہی مساجد اور قبرستانوں میں عبادت وریاضت کی اجازت دی ہے۔ 11 مارچ کی شب سے 12 مارچ کی صبح تک کسی بھی قسم کے جلسے جلوس اور عوامی تقریبات پر پابندی عائد رہے گی۔ اسی طرح 28 مارچ شب برات میں بھی کسی بھی قسم کی بھیڑ بھاڑ کرنے پر پابندی عائد رہے گی۔واضح رہے کہ کورونا کے پھیلاؤ کے خطرات پرقابو پایا جاسکے۔ شب معراج و شب برات کے پیش نظر مساجد میں نمازیوں کو عبادت کی اجازت رہے گی، لیکن مرحلہ وار 40 سے 50 نمازیوں کو ہی جسمانی فاصلہ بر قرار رکھ کر مساجد اور قبرستانوں اور مذہبی مقامات میں جانے کی اور عبادت کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی ماسک لگانا اور فاصلہ قائم رکھنا لازمی ہوگا۔