حیدرآباد ۔ 19 فبروری (سیاست نیوز) شب معراج اور شیوراتری کے موقع پر پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند نے پرانے شہر کا دورہ کرتے ہوئے تازہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ 36 سال کے بعد شب معراج اور شیوراتری ایک ہی مرتبہ منائے جانے کے ایک پس منظر میں پولیس نے سیکوریٹی میں اضافہ کردیا تھا اور کئی احتیاطی تدابیر بھی کئے گئے تھے۔ پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند نے اپنے ماتحت عہدیداروں کے ساتھ تاریخی چارمینار کے علاوہ سعیدآباد، ملک پیٹ اور اس کے اطراف و اکناف کے علاقوں کا اچانک معائنہ کیا اور لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کاجائزہ لیا۔ حیدرآباد پولیس کمشنر نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس عہدیداروں سے بھی تبادلہ خیال کیا اور انہیں اس موقع پر چوکس رہنے کی ہدایت دی۔