شدید دھوپ میں عوام کی 3 تا 5 سو روپے کیلئے ریالیوں میں شرکت

   

حیدرآباد۔ یکم؍ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں شدید گرمی ہے اور درجہ حرارت 46 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا لیکن عوام سیاسی جماعتوں کے انتخابی مہم میں حصہ لینے کے لئے 300 تا 500 روپے لے کر تپتی ہوئی دھوپ کو بھی برداشت کررہے ہیں۔ مرد و خواتین سروں کو توال اور ساڑیوں سے ڈھانکتے ہوئے شدید گرمی میں انتخابی مہم میں شریک ہو رہے ہیں۔ انتخابی مہم میں شریک ہونے کے لئے مبینہ طور پر عوام کو 500 روپے ادا کئے جارہے ہیں جبکہ اضلاع میں 200 تا 300 روپے فی کس دیئے جارہے ہیں۔ علاوہ ازیں پانی اور بعض اوقات چھانچ بھی دی جارہی ہے۔ ایک ضلع سے تعلق رکھنے والے وامشی نے بتایا کہ نامزدگی داخل کرنے کی ایک ریالی میں اس نے حصہ لیا جہاں اسے 300 روپے دیئے گئے۔ اس کا کہنا ہے کہ بہتر ہوتا اگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے ٹوپی دی جاتی۔ بی جے پی کے ایک لیڈر نے بتایا کہ وہ کارکنوں میں ٹوپیاں تقسیم کررہے ہیں۔ شدید دھوپ کے باعث سیاسی جماعتیں سوشل میڈیا کے ذریعہ انتخابی تشہیر پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی مسلسل انتخابی ریالیاں کررہے ہیں۔