ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ( این سی پی) کے صدر شرد پوار نے اپنا استعفیٰ واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے آج کہا کہ این سی پی کے لاکھوں کارکنان نے مطالبہ کیا کہ میں اپنا استعفیٰ واپس لے لوں۔ ملک بھر سے کئی لوگوں کے فون آئے ، میں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ میں صدر کے عہدہ سے اپنا استعفیٰ واپس لے رہا ہوں۔ این سی پی لیڈر پرفل پٹیل نے پہلے کہا تھا کہ شردپوار نے پارٹی سربراہ کے طور پر عہدہ چھوڑنے کے اپنے فیصلہ پر نظر ثانی کرنے کیلئے وقت مانگا ہے۔ ممبئی میں پریس کانفرنس کے دوران شرد پوار نے کہا کہ میں آپ کے جذبات کی توہین نہیں کرسکتا۔ آپ کے پیار اور مجھ سے استعفیٰ واپس لینے کا مطالبہ اور این سی پی کے سینئرلیڈروں کے ذریعہ منظورہ تجویز کا میں احترام کررہا ہوں۔ میں این سی پی کے قومی صدر کے عہدہ سے ہٹنے کا اپنا فیصلہ واپس لیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 2 مئی کو میں نے پارٹی کے قومی صدر کے عہدہ سے سبکدوش ہونے کی خواہش ظاہر کی تھی، کیونکہ میں اس عمر میں ذمہ داریوں سے آزاد ہونا چاہتا تھا۔ تاہم، پارٹی کارکنان اور عہدیداروں کی مایوسی کو دیکھتے ہوئے میں نے اپنے فیصلہ پر نظر ثانی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے مجھ کو بہت پیار دیا ہے اور میں انہیں مایوس نہیں کرسکتا تھا۔ شرد پوار نے کہا کہ کمیٹی نے مجھ سے قومی صدر کی ذمہ داری پھر سے سنبھال لینے کی درخواست کی اور محتاط غوروخوض کے بعد میں نے ایسا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میں پارٹی کے قائدین اور کارکنان کے ذریعہ کئے گئے فیصلے کا احترام کرتا ہوں اور اس کو قبول کرتا ہوں