واشنگٹن : امریکی صدر کے خصوصی مندوب برائے شمالی کوریا سنگ کِم نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے ممکنہ جوہری تجربے کے پیش نظر امریکہ مشرق بعید میں اپنے اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر بھرپور ردعمل کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ امریکی مندوب نے یہ بات سیول میں جنوبی کوریا اور جاپانی عہدیداروں سے ایک ملاقات کے بعد کہی۔ امریکی حکام کے مطابق اس وقت شمالی کوریا جوہری تجربے کے حوالے سے تیاری کے جس مقام پر ہے، وہاں یہ کہا جا سکتا ہے کہ وہ ضرور یہ تجربہ کرے گا۔ یہ بات اہم ہے کہ اس سے قبل شمالی کوریا مبینہ طور پر چھ مرتبہ جوہری تجربے کر چکا ہے، تاہم ستمبر دو ہزار سترہ کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب پیونگ یانگ حکومت ایٹمی دھماکا کر رہی ہے۔