قاضی سید حسین احمد قادری
حضرت کا نام نامی ’’ سید محمد عمرالحسینی ‘‘ المعروف سیدالشیوخ ہے ۔ آپؒ کا سلسلہ نسب (۴۱) واسطوں سے سیدالشہدا حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ سے جا ملتا ہے۔ والد کا نام حضرت سید محمد بادشاہ حسینی قادری ؒ اور حضرت ؒ کے مورثِ اعلیٰ حضرت سید محی الدین الحسینی ؓ نے شہنشاہ اورنگ زیب کے آخر عہد میں بغداد شریف سے دیارِ ہند کا رُخ فرمایا ۔ حضرت سید الشیوخ علیہ الرحمہ کی ولادت شہر حیدرآباد دکن کے قدیم محلہ قاضی پورہ میں بتاریخ ۱۷ ؍ ربیع الثانی ۱۲۸۲ھ میں ہوئی ۔ حضرت سید الشیوخ علیہ الرحمہ چار سال کے بھی نہ ہونے پائے تھے کہ سایہ پدری سر سے اٹھ گیا۔ چنانچہ چار سال کی عمر میں اپنی والدہ محترمہ کے ہمراہ حج اور شہنشاہ کونین ﷺکے دربار میں ایک سال تک حاضری دی ۔ ابتدائی تعلیم گھر پر ہی والدہ محترمہ کی آغوش و شفقت میں ہوئی ۔ بعدازاں مدرسہ محبوبیہ میں شریک کئے گئے۔ آپؒ ابھی بارہ سال کی عمر کو بھی نہ پہنچنے پائے تھے کہ سایہ مادری بھی اُٹھ گیا ۔ آپؒ ہی کے برادر محترم سیدی حضرت سیدنا خواجہ محمد صدیق محبوب اللہ قدس سرہ العزیز جن کے زیرہدایت و نگرانی میں آپؒ علوم ظاہری و باطنی کی تکمیل فرمائے ۔
آپؒ نہایت سیدھا سادھا لباس زیب تن فرماتے تھے ۔ جمعہ کے روز جب مکہ مسجد تشریف لے جاتے یا وعظ فرماتے وقت اتباع سنت نبوی ؐ میں سر پر سفید عمامہ باندھتے ۔ حضرت سیدالشیوخ علیہ الرحمہ کو اپنے برادر محترم خواجہ دکن حضرت سید شاہ محمد صدیق حسینی خلقؔ المعروف سیدی حضرت خواجہ محبوب اللہ قدس سرہ العزیز سے مختلف طریقوں اور سلسلوں سے بیعت و خلافت حاصل تھی ۔قرآن کریم اور حدیث شریف کا بکثرت ورد فرماتے ۔مکہ مسجد میں بعد نماز جمعہ قرآن شریف کا ایک رکوع تلاوت فرما کر اس کی تفسیر بیان فرماتے ۔ اسی طرح پہلی تاریخ سے بارہویں ربیع المنور اور پہلی ربیع الثانی سے گیارہویں شریف اور پہلی محرم سے دسویں محرم تک اپنے مکان قاضی پورہ میں وعظ فرماتے ۔حضرت سیدالشیوخ علیہ الرحمہ کا اپنے ہمعصر اکابر و شیوخ علماء میں ایک خاص مقام تھا۔ نہ صرف دکن بلکہ ہندوستان اور بیرون ہند کے اکابر و علماء و شیوخ طریقت آپؒ کا بہتر احترام فرماتے تھے۔بریلی کے مشہور دینی درسگاہ دارالعلوم اہلسنت جس کے بانی حضرت مولانا شاہ احمد رضا خاں صاحب رحمتہ اللہ علیہ ہیں ۔ حضرت سید الشیوخ علیہ الرحمہ کو اپنے اس عظیم دینی درسگاہ کے سالانہ جلسہ میں تشریف لانے کی دعوت دی ۔روزانہ نماز فجر مسجد یٰسین اندرون علی آباد میں ادا فرماتے۔ حلقہ ذکر ہوتا اور عربی تعلیم دی جاتی تھی ۔ فقہ احناف ، فقہ حنابلہ و شوافعہ کی تعلیم کے لئے ایک جماعت تھی۔ علم الفرائض اور تقسیم ترکہ جیسے اہم مسائل کے لئے ایک نہایت عام فہم سلیس و منظوم رسالہ ’’فرائض قادری ‘‘ کے نام سے تالیف فرمایا ۔ فقہ حنابلہ پر بھی ایک رسالہ تالیف فرمایا ۔اصولِ فقہ پر بھی خاص توجہ دی جاتی تھی اور بعض اصحاب کو استمداد کے موافق قوت القلوب مصنفہ ابو طالب مکی ؒ، احیاء علوم الدین مصنفہ امام غزالی رحمتہ اللہ علیہ ، فصوص الحکم مصنفہ شیخ اکبر محی الدین ابن عربی ؒ وغیرہ کی تعلیم دیتے تھے ۔ حضرت سید الشیوخ علیہ الرحمہ نے شاطبیہ کا ترجمہ اردو میں نظم فرمایا ۔ آپؒ کا مطالعہ نہایت وسیع تھا اور تصنیف و تالیف کا کام برابر جاری رہتا ۔ آپؒ نے چودہ پاروں تک تفسیر قرآن بیان فرما چکے تھے ۔ لوگوں کے اصرار پر تفسیر قادری کے نام سے ماہوار رسالہ کی شکل میں شائع ہونے لگا۔ آپؒ کی مشہور کتابیں جو طبع ہوئیں وہ رہبر طریقت ’’فرائض قادری ‘‘ اور تفسیر قادری تحفہ ناروقیہ ہیں ۔خدمت خلق کا جذبہ آپؒ میں بدرجہ اتم تھا۔ ۱۹۰۸ء میں جب حیدرآباد میں طغیانی آئی، آپ ؒ نے بلالحاظ و ملت لوگوں کی مدد کی ۔ ۱۳۲۹ھ کے اواخر اور ۱۳۳۰ھ کے اوائل میں حیدرآباد میں پہلی مرتبہ نہایت شدید قسم کا طاعون پھیل گیا ، اعزا و اقربا میت کو ہاتھ لگانے سے ڈرتے تھے ۔ مریض بے دوا و غذا اور کسی قسم کی طبی امداد نہ ہونے سے بے چارگی میں مر رہے تھے ۔ ایسے موقع پر آپؒ جہاں کہیں میت کی اطلاع ملی بلاکسی خوف و پس و پیش خود وہاں پہنچ جاتے۔ خود ہی نہلاتے خود ہی کفناتے ، خود ہی اپنے ہاتھوں سے دفناتے ۔ آپؒ کے دو صاحبزادے اور دو صاحبزادیاں تھیں۔آپؒ مرض طاعون سے بخار کی شدت میں جبکہ آپؒ کا وقت آخر آیا فرماتے تھے کہ السلام علیکم و رحمتہ اﷲ و برکاتہ ۔ اسی طرح بار بار فرماتے اور مسکراتے جاتے کبھی ہٹو ہٹو جگہ دو فرماتے ۔ تقریباً یہی کیفیت ۱۹ صفر ۱۳۳۰ھ روز صبح تک رہی اور اﷲ اﷲ فرماتے جانِ جاناں سے جاملے اور دنیائے اسلام کو داغِ مفارقت دائمی دے گئے اِنَّا لِلّٰهِ وَاِنَّـآ اِلَيْهِ رَاجِعُوْنَo
آپ کے وصال پر حضرت مولانا شاہ احمد رضا خان صاحب تاج المحدثین بریلی نے اپنے دستخط و مہر سے ایک عربی نظم بطور تعزیت روانہ فرمائی ۔ حضرت سیدالشیوخ سید محمد عمر حسینی صاحب قادری خلیقؔ قدس سرہ العزیز کاعرس مبارک ہر سال ۱۹، ۲۰ ، ۲۱ صفر المظفرکو درگاہ شریف قادری چمن منعقد ہوتا ہے ۔