شمس آباد کے فارم ہاؤز میں مجرا پارٹی 49 افراد گرفتار

   


چار روڈی شیٹرس، چار زنخوں اور سابق روڈی شیٹر بھی شامل

شمس آباد 6 نومبر (سیاست نیوز) شمس آباد ایس او ٹی ٹیم نے شمس آباد کے موضع رامنجا پور میں واقع سلیم فارم ہاؤز پر دھاوا کرتے ہوئے مجرا پارٹی میں مصروف 49 افراد کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق شمس آباد کے موضع رامنجا پور میں بابا خان سابق روڈی شیٹر کی چند دن قبل روڈی شیٹ بند ہونے کی خوشی میں فارم ہاؤز میں مجرا پارٹی منعقد کی گئی جس میں مائیلاردیو پلی کے چار روڈی شیٹرس یاسین، محبوب، اظہر اور سہیل کے علاوہ چار زنخوں کے ساتھ جملہ 49 افراد مجرا پارٹی کررہے تھے۔ اطلاع ملتے ہی آج صبح کی ابتدائی ساعتوں میں تقریباً تین بجے شمس آباد ایس او ٹی ٹیم نے فارم ہاؤز پر دھاوا کرتے ہوئے 49 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے چار چاقو، 49 موبائیلس، 12 بائیکس، چار کاریں اور 17,910 نقد رقم کے علاوہ دیگر اشیاء کو ضبط کرتے ہوئے شمس آباد پولیس کے حوالہ کردیا۔ شمس آباد پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔