شکستہ حال محبوب نگر ہاسپٹل جدید سہولیات سے آراستہ

   

ریڈیالوجی ہب کی افتتاحی تقریب سے ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب

محبوب نگر ۔/17 جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محبوب نگر کے گورنمنٹ ہاسپٹل کو پرائیویٹ و معیاری ہاسپٹلس کا متبادل بنایا جائے گا۔ان عزائم کا اظہار ریاستی وزیر وی سرینواس گوڑ نے محبوب نگر جنرل ہاسپٹل میں ایک کروڑ کے صرفہ سے تیار کردہ جدید ٹکنالوجی سے آراستہ تلنگانہ ریڈیالوجی ہب کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں محبوب نگر جنرل ہاسپٹل بدبو اور تعفن کا مرکز تھا۔ اس کی حالت زار ایسی تھی کہ ماہانہ 20 زچگیاں بھی نہیں ہوتی تھیں۔ ایک فارماسسٹ، ایک لیاب ٹیکنیشن، 25نرسیس، 30 ورکرس ہوا کرتے تھے لیکن آج 37 فارماسسٹ، 44 لیاب ورکرس، 250 نرسیس، اسٹاف میں قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے۔ آئی سی یو، آکسیجن بیڈز قائم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کے بعد سب سے پہلا میڈیکل کالج محبوب نگر میں قائم ہوا۔ نرسنگ ، فزیو تھراپی، پیرا میڈیکل کالج بھی قائم کروایا گیا۔ اب ہاسپٹل میں ماہانہ ایک ہزار زچگیاں ہورہی ہیں جن میں 80 فیصد نارمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قدیم کلکٹریٹ کی جگہ پر 500 کروڑ کے صرفہ سے تعمیر ہونے والے ہاسپٹل میں علاج کے لئے دیگر ریاستوں کے لوگ بھی آئیں گے۔ انہوں نے ڈاکٹرس اور عملہ کو مشورہ دیا کہ انسانی بنیادوں پر مریضوں کا بہتر علاج کریں۔