شہر حیدرآباد میں نئے سال کا جشن، سڑکوں پر منچلے نوجوانوں کا رقص

   

پولیس کی جانب سے سخت سیکوریٹی انتظامات، اہم مقامات پر شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کی جانچ

حیدرآباد ۔ 31 ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآبادمیں نئے سال 2026 کی آمد کا جشن جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ رات 12 بجتے ہی سڑکوں پر منچلے نوجوانوں نے رقص کرتے ہوئے نئے سال کا استقبال کیا۔ شہر کے اہم مقامات پر زبردست ہجوم دیکھا گیا۔ شدید سردی کے باوجود نوجوان سڑکوں پر گھومتے ہوئے نئے سال کا جشن مناتے رہے۔ پولیس کی جانب سے اس موقع پر سخت انتظامات کئے گئے تھے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔ پولیس نے شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کے خلاف پہلے ہی انتباہ جاری کردیا تھا اور نئے سال کے جشن کے موقع پر اہم شاہراہوں پر پولیس نے گاڑی چلانے والوں کی سختی جانچ کی۔ ٹریفک جام کے مسئلہ سے بھی نمٹنے کے لئے پولیس نے معقول انتظامات کئے تھے۔ نئے سال کے جشن میں شامل ہونے والوں کے لئے حیدآباد میٹرو ریل کی جانب سے رات دیر گئے تک سرویس کو جاری رکھا گیا تھا۔ شہر کے مختلف ہوٹلس اور کلبس میں نئے سال کے جشن کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر لوگوں کو ایک دوسرے کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے۔ مختلف جماعتوں کے سیاسی قائدین نے بھی عوام کو نئے سال کی مبارکباد دی۔