8.5 لاکھ مالیتی جعلی کرنسی ضبط ، پولیس کمشنر انجنی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /4 فبروری (سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے شہر میں دو جعلی کرنسی نوٹوں کی تیاری اور گشت کرانے میں ملوث دو ٹولیوں کو بے نقاب کرتے ہوئے 13 افراد بشمول 3 کم عمر نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ نارتھ زون اور ساؤتھ زون ٹاسک فورس ٹیموں نے دو علحدہ کارروائیوں میں 200 اور 100 روپئے کے جعلی نوٹ تیار کرنے والوں کو گرفتار کیا ہے ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سنگاریڈی سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ اسحاق بن صالح اس ٹولی کا سرغنہ ہے نے اپنے سنگاریڈی کے ساکن بنڈاری گوتم کی مدد سے جعلی کرنسی نوٹ تیار کررہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں نے جعلی نوٹ تیار کرنے کیلئے کلر پرنٹر حاصل کیا اور یو ٹیوب میں کرنسی نوٹ تیار کرنے کی تربیت حاصل کی اور وہ اسکیاننگ کے ذریعہ جعلی کرنسی نوٹ تیار کرنے لگے ۔ انجنی کمار نے کہا کہ اس کاروبار کیلئے اسحاق بن صالح نے 4 ایجنٹس محمد سہیل علی ، محمد غوث الدین ، ابرار خان اور سید کاشف بہادر کے علاوہ 3 کم عمر نوجوانوں کو بھی اپنا ایجنٹ بنایا تھا ۔ مذکورہ افراد علاقہ ظہیرآباد ، سداسیوپیٹ کے علاوہ شہر حیدرآباد میں بھی جعلی کرنسی نوٹ گشت کرارہے تھے ۔ نارتھ زون ٹاسک فورس ٹیم نے اس بات کی اطلاع ملنے پر عابڈس کے علاقہ جگدیش مارکٹ میں 9 افراد بشمول 3 کم عمر نوجوانوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 9 لاکھ 27 ہزار مالیتی جعلی کرنسی نوٹ ضبط کرلئے اور کرنسی نوٹس کے استعمال کئے جانے والی اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ اسی قسم کی ایک اور کارروائی میں ساؤتھ زون ٹاسک فورس ٹیم نے جعلی کرنسی نوٹس کی تیاری میں ملوث 4 رکنی ٹولی کی بے نقاب کرتے ہوئے 8.5 لاکھ مالیتی جعلی کرنسی نوٹ ضبط کرلئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ انجنی کمار نے کہا کہ 30 سالہ بی وی شیوا سندیپ ساکن مہدی پٹنم اس ٹولی کا سرغنہ ہے اور اپنے دیگر ساتھیوں آصف نگر کے محمد اکبر پاشاہ ، محمد معین اور محمد رضی الدین کی مدد سے جاری کرنسی نوٹ تیار کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ شیواسندیپ نے کلر پرنٹر اور اسکیانر حاصل کرتے ہوئے اصلی کرنسی نوٹ کی نقل کرتے ہوئے 2000 روپئے اور 500 روپئے کے جعلی نوٹ تیار کررہے تھے ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے گرفتار ٹولی کے قبضہ سے بھاری مقدار میں جعلی کرنسی نوٹ برآمد کرلئے اور انہیں آصف نگر پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا گیا۔