شہر میں صفائی بالکل نظر انداز ‘ جگہ جگہ کچرے کے انبار

   

سوچھ آٹو عملہ رقومات طلب کر رہا ہے ۔ عدم ادائیگی پر کچرے کی نکاسی سے انکار
حیدرآباد۔24۔نومبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کی کئی گنجان آبادیوں میں نظر آنے والے کچرے کے انبار نہ صرف شہرمیں صفائی کی قلعی کھول رہے ہیں بلکہ ان کچرے کے انبار سے شہر کے کئی علاقوںمیں وبائی امراض پھیلنے لگے ہیں۔بتایا گیا کہ دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ’سوچھ آٹو‘ کچرے کے حصول سے انکار کر رہے ہیں کیونکہ ان کی طلب کی جانے والی من مانی رقومات کی ادائیگی سے عوام انکار کر رہے ہیں ۔ سوچھ آٹو کے ذریعہ کچرے کی منتقلی سے انکار پر شہریوں نے دوبارہ سڑک کے کنارے کچرا ڈالنے کا آغاز کردیا ہے اور کئی مقامات پر کچرے کی یومیہ عدم نکاسی سے کچرے کے انبار لگے ہیں۔ کئی گنجان آبادیوں میں اسکولوں کی دیوار پر کچرا پھینکنا معمول کی بات بن چکی ہے جس سے سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ بدبو وتعفن کا شکار ہونے لگے ہیں ۔ شہر کی گنجان آبادیوں میں مکانات بالخصوص متوسط طبقہ اور سلم علاقوں سے ’سوچھ آٹو‘ سے کچرے کی منتقلی کو نظرانداز کیا جانے لگا ہے اس کے باوجود عہدیدار ان سوچھ آٹو کے ذمہ داروں کو پابند نہیں بنا رہے ہیں اور سڑکوں پر کچرے کا انبار دیکھا جانے لگا ہے۔ بتایا گیا کہ شہر کے کئی علاقوں میں جہاں مکینوں کی جانب سے سوچھ آٹو کے ذریعہ کچرے کی وصولی کرنے والوں کو رقومات ادا کی جار ہی ہیں ان میں بھی 7تا10 دن میں کچرے کی وصولی سے مکینوں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ حیدرآبادو سکندرآباد کے کئی محلہ جات میںسوچھ آٹو عملہ کے کچرے کی عدم وصولی کی بناء پر سڑکوں کے کنارے لگنے والے انبار کے متعلق شہریوں کا کہناہے کہ بلدیہ نے گھر سے کچرے کی وصولی کی اسکیم کا خیر مقدم کیا جارہا تھا لیکن اب جبکہ سوچھ آٹو کچہرے کی وصولی کیلئے من مانی رقومات وصول کر رہے ہیں اور یومیہ کچرے کی نکاسی کے بجائے کئی کئی دن غیر حاضر رہنے لگے ہیں اسی لئے شہریوں کو سڑک کنارے یا محلہ میں جہاں کچرا ڈالا جاتا ہے کچاری پھینکنے مجبور ہونا پڑرہاہے ۔ مکینوں کو اس کیلئے ذمہ دارقرار دیا جانا درست نہیں ہے ۔3