آئندہ سال فروری تک مہلت، جنرل مینجر قادر محی الدین کا بیان
حیدرآباد ۔17۔ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے غیر مجاز نل کنکشنوں کو باقاعدہ بنانے کی مہم کا آغاز کیا گیا ۔ عوام میں شعور بیداری کیلئے گوشہ محل ڈیویژن I میں تشہیری مہم جاری ہے۔ جنرل مینجر میٹرو واٹر ورکس گوشہ محل ڈیویژن قادر محی الدین نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں عوام کو اسکیم سے واقف کرانے کیلئے گشتی تشہیر کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اردو زبان میں پمفلٹس شائع کرتے ہوئے عوام میں تقسیم کئے جارہے ہیں۔ گوشہ محل ڈیویژن کے تحت اسمبلی حلقہ جات چارمینار ، بہادر پورہ کے علاوہ راجندر نگر اسمبلی حلقہ کے حسن نگر ، اندرا نگر ، محبوب نگر اور بابا نگر کے علاقہ آتے ہیں۔ اسکیم سے استفادہ کیلئے واٹر ورکس کے دفاتر واقع مصری گنج ، چندو لال بارادری ، میر عالم فلٹر اور مغلپورہ پانی کی ٹانکی کے پاس کیمپس قائم کئے گئے ہیں جہاں متعلقہ عہدیدار صارفین کو رضاکارانہ نل کنکشن اسکیم کی تفصیلات سے واقف کرائیں گے ۔ ان دفاتر پر درخواستیں وصول کی جارہی ہیں۔ قادر محی الدین نے بتایا کہ اسکیم کا 21 نومبر کو آغاز ہوا اور یہ 21 فروری 2020 ء تک جاری رہے گی ۔ غیر مجاز نل کنکشن کو باقاعدہ بنانے کیلئے راشن کارڈ ، آدھار کارڈ ، برقی بل اور مکان کے دستاویزات کی نقل کے ساتھ نل کنکشن کی رقم ڈپازٹ کرنی ہوگی۔ اس کے علاوہ ایک ماہ کا بل ادا کرنا ہوگا۔ آن لائین درخواستوں کی اندرون تین یوم یکسوئی کردی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ جس مکان میں ایک غیر مجاز کنکشن ہو ، اسے باقاعدہ بنایا جائے گا ۔ ایک سے زائد کنکشن کی صورت میں اسکیم پر عمل آوری نہیں ہوگی۔ جنرل مینجر نے بتایا کہ مذکورہ اسکیم سے قبل غیر مجاز کنکشن کو باقاعدہ بنانے کیلئے ڈپازٹ کے طور پر دوگنی رقم اور 36 ماہ کا بل ادا کرنا ضروری تھا لیکن نئی اسکیم کے تحت ڈپازٹ کی رقم کے ساتھ صرف ایک ماہ کا بل ادا کرنا ہوگا ۔ قادر محی الدین نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ اسکیم سے استفادہ کرتے ہوئے مقررہ مدت کے دوران درخواستیں داخل کریں۔ میرعالم فلٹر کے دفتر میں تاحال 160 غیر مجاز کنکشن باقاعدہ بنائے گئے۔ دیگر دفاتر میں صارفین کی درخواستوں کے ادخال کا سلسلہ جاری ہے۔