حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ٹی جی ایس آر ٹی سی نے دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد میں مزید 13 نئی میٹرو ڈیلکس بسوں کو چلانا شروع کرنے کا اعلان کیا ۔ اس طرح کی 9 بسیں پہلے ہی شہر میں چل رہی ہیں جن کا 3 اگست کو آغاز کیا گیا ہے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مہا لکشمی فری بس ٹکٹ اسکیم کو شروع کرنے کے بعد آرڈینری اور میٹرو بسوں میں ہونے والے ہجوم کو کم کرنے کے لیے میٹرو ڈیلکس بسوں کو چلانا شروع کیا گیا ہے ۔ ان میں سات بسیں ( بس نمبر 300 ) اپل اور مہدی پٹنم کے درمیان چلائی جائیں گی ۔ دو بسیں (بس نمبر 16A ) سکندرآباد تا ای سی آئی ایل اور ( 290U ) جے بی ایس تا عبداللہ پور میٹ اور ایک بس (831/272) کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن تا گنڈی میسماں چلائی جائیں گی ۔ شہر میں چلنے والی میٹرو ڈیلکس بسوں کی جملہ تعداد 24 ہے ۔ عہدیداروں کے مطابق ستمبر کے اختتام تک مزید 101 بسوں کا آغاز کیا جائے گا ۔ آر ٹی سی کا منصوبہ اس سال کے ختم تک یا آئندہ سال شہر میں جملہ 300 میٹرو ڈیلکس بسوں کو چلانے کا ہے ۔۔